حیدرآباد /17 فروری ( سیاست نیوز ) چلکل گوڑہ کے علاقہ میں ایک خاتون اور ایک لڑکی نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ خاتون نے لالچی شوہر کے زائد جہیز کے مطالبہ سے تنگ آکر انتہائی اقدام کیا ۔ جبکہ گھریلو ملازمہ لڑکی نے خرابی صحت سے بے زار ہوکر خودکشی کرلی ۔ چلکل گوڑہ پولیس کے مطابق 29 سالہ انجماں جو حمال بستی ،چلکل گوڑہ علاقہ کے ساکن اشوک کی بیوی تھی ۔ اس خاتون نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ اس خاتون کو شوہر اور سسرالی رشتہ دار مبینہ طور پر زائد جہیز کیلئے ہراساں و پریشان کر رہے تھے ۔ جس سے تنگ آکر اس نے خودکشی کرلی ۔ چلکل گوڑہ حدود میں پیش آئے ایک اور واقعہ میں 17 سالہ جیوتی نے خودکشی کرلی ۔ جوتی مٹوگوڑہ کے ساکن وینکٹیش کی بیٹی تھی ۔ یہ لڑکی پیشہ سے گھریلو ملازمہ تھی ۔ اس لڑکی کی صحت پولیس ذرائع کے مطابق اکثر ناساز رہتی تھی ۔ جس سے وہ بے زار ہوچکی تھی ۔ جس نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس چلکل گوڑہ نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔