خاتون اسکارٹ سرویس کے نام پر دھوکہ دینے والی ٹولی بے نقاب

کال سنٹر کے قیام کے ذریعہ دھوکہ دہی اور رقومات کی وصولی ، کمشنر پولیس سائبرآباد کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /25 ستمبر ( سیاست نیوز ) خاتون اسکالرٹ کے نام پر دھوکہ دینے والی ایک ٹولی کو سائبرآباد سائبر کرائم پولیس نے بے نقاب کردیا اور ٹولی کے ارکان کو گرفتار کرلیا ۔ کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ ڈیٹنگ اور اسکارٹ سرویس کے نام پر یہ ٹولی دھوکہ دے رہی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ دیباشیش مکرجی فیض الحق عرف وکی انیتا ڈے سندیپ مترا ، سنیتا شنکر کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ مکرجی اس ٹولی کا اصل سرغنہ ہے ۔ جو کال سنٹر قائم کرنے کے بعد ٹیلی کالر لڑکیوں کے ذریعہ نوجوانوں اور اسکارٹ کے خواہشمند افراد کو بے خوف بناکر ان سے بھاری رقم ہڑپ رہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ 20 اگست کے دن سائبرآباد سائبر کرائم سیل سے ایک نوجوان رجوع ہوا اور اس نے شکایت کی کہ اسے فیملی اسکارٹ سرویس کے نام پر دھوکہ دیا گیا اور اس سے مختلف مراحل میں اس نوجوان سے کل 15,19,614 روپئے حاصل کرلئے گئے ۔ کمشنر پولیس سائبرآباد نے بتایا کہ مکرجی نے ایک مرتبہ سائٹ تیار کی اور اس پر نوجوانوں کیلئے لڑکیوں اور خواتین کی خدمات کی پیشکش کی ۔ اسکارٹ سرویس کے نام سے جاری اس کاروبار کو چلانے کیلئے اس نے لڑکیوں کا انتخاب کیا اور بحیثیت ٹیلی کالر ملازمت پر رکھ لیا ۔ انیتا ڈے ان لڑکیوں کو ٹریننگ دیتی تھی ۔ ویب سائٹ سے رجوع ہونے والی کو نام رجسٹرڈ کرنے کی ہدایت دی جاتی جس کے بعد ممبرشپ کلب لائیسنس ، رجسٹریشن اکاونٹ ویری فیکشن سرویس ، جی ایس ٹی اس طرح مختلف مراحل طئے کرنے کے لئے مختلف قیمت بطور فیس مقرر کی گئی تھی ۔ شکایت گذار نوجوان نے تمام مراحل کی تکمیل کی اور اس طرح 15 لاکھ سے زائد روپئے ادا کردئے ۔ جس کے بعد اس لڑکی نے فون بند کرلیا اور رابطہ منقطع کرلیا ۔ اس نوجوان کو احساس ہوا کہ وہ دھوکہ دہی کا شکار ہوا ہے ۔ اس نے مسئلہ کو سائبر کرائم سے رجوع کردیا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ مکرجی نے کل 20 کال سنٹر قائم کئے تھے اور ایک سالگوری میں 12 سنٹر قائم کئے تھے ۔ ان سنٹرز کی سوپروائزنگ فیضل کرتا تھا ملازمت کے نام پر لڑکیوں کا انتخاب کیا جاتااور اس دھوکہ دہی میں بالراست شامل کرلیا جاتا تھا پولیس نے ریاکٹ کو بے نقاب کردیا ۔