نیویارک ۔ یکم ؍ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سیزن کے آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن میں حیران کن نتائج کا سلسلہ جاری ہے جیسا کہ دسویں مرتبہ شرکت کررہی سابق عالمی نمبر ایک ماریا شاراپوا کو ایک اور سابق عالمی نمبر ایک ڈنمارک کی کیرولین وزنیاکی کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی جس کے بعد سرفہرست 8 کھلاڑیوں میں 6 کھلاڑیوں کا اخراج ہوچکا ہے۔ ٹینس کیلئے سخت موسم اور بارش کی وجہ سے مختلف مقابلے متاثر ہوئے اسی دوران مرد زمرہ میں اسپینی ٹینس اسٹار ڈیوڈ فیرر کو بھی شکست ہوئی جوکہ اس زمرہ کے سب سے بہترین درجہ کے کھلاڑی ہیں جو باہر ہوگئے۔ شاراپوا کو وزنیاکی کے خلاف 6-4، 2-6، 6-2 کی شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ وزنیاکی اس کامیابی کے ذریعہ کوارٹر فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ جون میں فرنچ اوپن خطاب حاصل کرنے کے بعد شاراپوا یو ایس اوپن کے خطابی کھلاڑیوں میں مضبوط دعویدار تھیں۔ سارا ایرانی نے ٹورنمنٹ میں شاندار مظاہرہ کررہی 32 سالہ مریانا لوسک ورونی کی پیشقدمی کو 6-3 ، 2-6 ، 6-0 کے ذریعہ ختم کردی۔ ڈیوڈ فیرر کو جائلس سیمون کے خلاف 6-3،3-6 ،6-1، 6-3 کی تیسرے مرحلہ میں شکست ہوئی ہے۔ حیران کن نتائج کے دوران سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر نے پہلے سیٹ میں شکست کے باوجود تیسرے مرحلہ کے مقابلہ میں مارسیل گرانولرس کو 4-6، 6-1، 6-1، 6-1 سے شکست دی۔ فیڈرر کا یہ مقابلہ بارش کی وجہ سے کئی گھنٹے متاثر رہا اور جب تقریباً 2 گھنٹے کے وقفہ کے بعد مقابلہ دوبارہ شروع ہوا تو مارسیل نے پہلا سیٹ اپنے نام کرلیا جس کے بعد کھیلے گئے تین سیٹوں میں فیڈرر کا مظاہرہ دیکھنے کے لائق رہا۔