حیران کن نتائج کا آغاز؟ آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو شکست دی

نلسن (نیوزی لینڈ) ۔ 16 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ کپ 2015ء میںحیران کن نتائج کی توقع کی جارہی تھی لیکن کسی نے بھی شاید یہ نہیں سوچا کہ ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے افتتاحی مقابلوں میں ہی چھوٹی ٹیمیں خطاب کی دوڑ میں شامل اہم ٹیموں کو شکست سے دوچار کردے گی جیسا کہ آج یہاں کھیلے گئے مقابلہ میں ویسٹ انڈیز کو 304 رنز کا اسکور بھی ناکافی ہوا کیونکہ ٹورنمنٹ کی کمزور تصور کی جانے والی آئرلینڈ کی ٹیم نے 25 گیندیں قبل ہی 305 رنز کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے خود کو کوارٹر فائنل میں رسائی کا حقدار قرار دے دیا ہے۔ ہمالیائی نشانہ کے تعاقب میں ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں پال اسٹرلنگ (92)، ایڈجوائس (84) اور نیل اوبرین (79) کی نصف سنچریوں نے کلیدی رول ادا کیا۔ اسٹرلنگ نے ونڈے کیریئر کی ساتویں نصف سنچری اسکور کرنے کے علاوہ پہلی وکٹ کیلئے کپتان ولیم پورٹر فیلڈ (23) کے ہمراہ 71 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی جس کے بعد جوائس کے ہمراہ دوسری وکٹ کیلئے 106 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی، جس کی وجہ سے آئرلینڈ کیلئے ایک بڑا نشانہ بھی آسان ہوگیا۔ اسٹرلنگ بالآخر 28 ویں اوور میں محض 8 رنز کی کمی سے سنچری سے محروم رہے تاہم انہوں نے 84 گیندوں پر مشتمل اپنی گیمس میں 9 چوکے اور 2 چھکے لگاتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو شدید نقصان پہنچا دیا تھا۔ جوائس جن کی اننگز 67 گیندوں پر مشتمل رہی انہوں نے 10 چوکے اور دو چھکے لگائے جس کے بعد نیل او برین نے 79 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلنے کے علاوہ تیسری وکٹ کیلئے 96 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی جس سے آئرلینڈ کیلئے کامیابی آسان ہوگئی۔ ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر جیروم ٹیلر نے 40 ویں اوور میں جوائس کے بعد اینڈی بال بیرین (9) اور وکٹ کیپر بیٹسمین گیری ولسن (1) کو جلد آوٹ کرتے ہوئے آئرلینڈ کیلئے مشکلات کھڑی کردیں۔ بعدازاں ٹیم کے خطرناک تصور کئے جانے والے جارحانہ بیٹسمین کیون اوبرین کے بغیر کوئی رن بنائے رن آوٹ ہونے کے بعد فاتح ٹیم کیلئے مشکل لمحات دکھائی دے رہے تھے۔ تاہم اس موقع پر ان کے بڑے بھائی نیل او برین نے ایک ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو ایک حیران کن کامیابی سے ہمکنار کیا۔ قبل ازیں بیٹنگ کیلئے مدعو کئے جانے کے بعد ویسٹ انڈیز کا آغاز مایوس کن رہا۔ جیسا کہ 87 رنز کے مجموعی اسکور پر جس کے پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے۔ تاہم اس موقع پر لنڈل سمنس (102) اور سابق کپتان ڈیرن سمی (89) نے چھٹی وکٹ کیلئے 154 رنز کی پارٹنر شپ نبھاتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور کو 304/7 تک پہنچانے میں کلیدی رول ادا کیا۔ کریس گیل جوکہ ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کرنے کیلئے جانے جاتے ہیں، تاہم آج وہ بے رنگ دکھائی دیئے جیسا کہ 36 رنز اسکور کرنے کیلئے انہوں نے 65 گیندوں کا سامنا کیا جس میں 3 چوکے اور ایک چھکا شامل ہے۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر ڈوک رل نے گیل کی وکٹ حاصل کرنے کے بعد مارلون سامیولس (21) کو 3گیندوں کے دوران پویلین کی راہ دکھاتے ہوئے اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ بعدازاں انہوں نے وکٹ کیپر بیٹسمین دینیش رامدین (1) کو بھی آوٹ کیا۔