حیدرآباد کا آج پنجاب اور کولکتہ کا دہلی سے مقابلہ

موہالی ۔ کولکتہ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دفاعی چمپئن سن رائزرس حیدرآباد کل جب یہاں موہالی میں میزبان کنگس الیون پنجاب کے خلاف آئی پی ایل 10 کا اپنا اگلا مقابلہ کھیلے گی تو اِسے پسندیدہ موقف حاصل رہے گا۔ ڈیوڈ وارنر کی قیادت میں حیدرآبادی ٹیم نے 8 مقابلوں میں 4 فتوحات حاصل کئے ہیں جبکہ گزشتہ مقابلہ میں بنگلور کے خلاف اسے ایک نشان حاصل ہوا تھا کیوں کہ یہ مقابلہ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ حیدرآباد اِس وقت ٹیموں کے جدول میں 9 نشانات کے ذریعہ تیسرے مقام پر فائز ہے جبکہ پنجاب نے اپنے 7 مقابلوں میں صرف 3 فتوحات حاصل کی ہیں۔ کنگس الیون پنجاب کے صدر ویریندر سہواگ نے پہلے ہی کہا ہے کہ ٹیم کے لئے آئندہ تمام مقابلے کافی اہم ہیں جس میں سرفہرست کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے خلاف بھی ایک مقابلہ باقی ہے۔ حیدرآباد جس نے پنجاب کے خلاف اپنے گھریلو میدان میں کھیلے گئے مقابلہ میں 5 رنز کی کامیابی اُس وقت حاصل کی تھی جب اُس کے بولروں نے 159 رنز کا کامیاب دفاع کیا تھا حالانکہ اِس مقابلے میں پنجاب کے اوپنر منن ووہرا نے 50 گیندوں میں 95 رنز کی اننگز کھیلی تھی تاہم وہ 5 رنز سے اپنی سنچری اور ٹیم کو کامیابی نہ دلواسکے۔ پنجاب کے خلاف حیدرآبادی ٹیم تیز رفتار شروعات کی کوشاں ہوگی کیوں کہ ڈیوڈ وارنر اور شکھر دھون ٹیم کو تیز رفتار شروعات فراہم کرنے میں ناکام ہیں۔ علاوہ ازیں حیدرآبادی فاسٹ بولر محمد سراج رنز دینے کی رفتار پر روک لگانے کے خواہاں ہوں گے۔ ناقابل تسخیر کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کا کل اپنے گھریلو میدان میں دہلی ڈیر ڈیولس کے خلاف مقابلہ رہے گا۔ ایک جانب جہاں گوتم گمبھیر کی زیرقیادت کے کے آر نے 8 مقابلوں میں 12 نشانات حاصل کرتے ہوئے پہلے مقام پر پہونچ چکی ہے۔ دوسری جانب سابق فاسٹ بولر ظہیر خان کی زیرقیادت دہلی ڈیر ڈیولس کے لئے حالات تیزی سے مشکل ہورہے ہیں کیوں کہ 6 مقابلوں میں سے صرف دو فتوحات حاصل ہوئی ہیں اور وہ 4 نشانات کے ساتھ 8 ٹیموں کے جدول میں ساتویں مقام پر پہونچ چکی ہے۔ دہلی کو متواتر تین مقابلوں میں ناکامی برداشت کرنی پڑی جس سے اِس کی پلے آف میں رسائی مشکل ترین ہوچکی ہے۔