حیدرآباد 4 فروری (سیاست ڈاٹ کام) خواتین میں سینہ کے کینسر کے بارے میں شعور کی بیداری کے علاوہ بہتر صحت و تندرستی کیلئے حوصلہ افزائی کے مقصد سے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے زیراہتمام 15 مارچ کو صرف خواتین کیلئے مخصوص دوڑ ’’ایس بی آئی پنکیتھن‘‘ کا اہتمام کیا جائے گا۔ معروف ماڈل اور پنکیتھن کی بانی ملند سمن نے یونائیٹیڈ سسٹرس فاؤنڈیشن اور اوشا لکشمی بریسٹ کینسر فاؤنڈیشن کے تعاون سے حیدرآباد میں اس مراتھن کے اہتمام کا آج رسمی طور پر اعلان کیا۔ ملند نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ ’’اس پروگرام کے تحت ہمیں خواتین کی کثیر تعداد سے بات چیت کرنے کی ضرورت ہوگی۔ 2012 ء کے دوران ممبئی میں ہم نے پنکیتھن کا آغاز کیا تھا اور خواتین کا حوصلہ افزاء ردعمل دیکھا گیا۔ ہر کسی کو بہت حیرت اور خوشی ہوئی تھی کیونکہ خواتین کی صحت کے بارے میں بات چیت کے لئے یہ ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوا تھا‘‘۔ ملند سمن نے کہاکہ ’’جب ہم خواتین کی صحت کے بارے میں بات کرتے ہیں تو گویا ملک کے اندر فکر اور سوچ کو بدلنے کی بات کرتے ہیں۔ خواتین کو خود اپنے لئے بھی کچھ وقت نکالنا چاہئے۔ـ