حیدرآباد؍بنگلور۔ 12؍فروری (محمد احتشام الحسن مجاہد)۔ انڈین پریمئر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے لئے بنگلور میں کھلاڑی کی نیلامی کے پہلے دن حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ٹیم سن رائیزرس حیدرآباد نے جن کھلاڑیوں کو اپنی صفوں میں شامل کیا ہے۔ اس کے نتیجہ میں حیدرآبادی ٹیم کاغذات پر کافی مستحکم ہوچکی ہے۔ سن ٹی وی نیٹ ورک کی مالیت حیدرآبادی ٹیم نے نیلامی کے پہلے دن ہندوستانی فاسٹ بولر ایشانت شرما کو 260، ڈیوڈ وارنر کو 550، ڈارین سامی کو 350، عرفان پٹھان کو 240، بھوونیشور کمار کو 425، برینڈن ٹیلر کو 30، موسیس ہنریکس کو 100، وینو گوپال کو 55 اور جیسن ہولڈر کو 75 لاکھ روپیوں کے عوض حاصل کیا ہے جب کہ ہندوستانی اوپنر شِکھر دھون اور افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کو پہلے ہی ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے۔ سن رائیزرس حیدرآباد کو جو کھلاڑی دستیاب ہوئے ہیں، ان کی موجودگی میں ٹیم متوازن اور مستحکم دکھائی دیتی ہے،
کیونکہ بولنگ شعبہ کی قیادت جہاں دنیا کے نمبر ایک بولر ڈیل اسٹین کریں گے، وہیں بیٹنگ میں شِکھر دھون اس کی اصل طاقت ثابت ہوں گے۔ شِکھر دھون اور آسٹریلیائی دھماکہ خیز اوپنر ڈیوڈ وارنر کے ہمراہ ان کے ساتھی اوپنر آرون فنچ بھی ٹیم کو تیز رفتار شروعات فراہم کرسکتے ہیں۔ ڈیل اسٹین کا بہترین ساتھ نبھانے کے لئے ہندوستانی وکٹوں پر کامیاب ترین بولر بھوونیشور کمار کے ہمراہ ایشانت شرما اور ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر جیسن ہولڈر موجود ہیں۔ اسپن بولنگ میں امیت مشرا موجود ہیں جنھوں نے گزشتہ ایڈیشن میں بہترین مظاہرے کئے ہیں۔ مڈل آرڈر میں زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر ایک باصلاحیت بیٹسمین ہیں جنھوں نے بڑی ٹیموں کے خلاف خود کو بہترین اننگز کے ذریعہ منوایا ہے۔ ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں آل راؤنڈرس کی کافی اہمیت ہوتی ہے اور حیدرآباد کو اس وقت عرفان پٹھان، ڈارین سامی، موسیس ہنریکس کی خدمات دستیاب ہیں۔ حیدرآباد کے لئے اگر کوئی چیز نقصان پہنچا سکتی ہے تو وہ اس کے مقامی کھلاڑیوں کا مظاہرہ ہوسکتا ہے، کیونکہ آئی پی ایل میں مقامی کھلاڑیوں نے تاحال کوئی متاثرکن مظاہرہ نہیں کیا ہے۔