حیدرآباد کا آج پنجاب کے خلاف مقابلہ

موہالی 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل میں تاحال منعقدہ مقابلوں کے بعد ٹیموں کے جدول میں نچلی صفوں میں موجود سن رائزرس حیدرآباد کا کل یہاں میزبان کنگس الیون پنجاب کے خلاف ایک اہم مقابلہ منعقد ہوگا کیونکہ دونوں ہی ٹیموں کو اس مقابلے میں کامیابی حاصل کرنی اس لئے بھی ضروری ہے کیونکہ وہ اس کامیابی کے ذریعہ ٹورنمنٹ کے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرنے کے اپنے امکانات کو مستحکم کرسکتے ہیں۔ پنجاب کیلئے کامیابی انتہائی ضروری ہے کیونکہ گذشتہ 6 مقابلوں میں وہ چار ناکامیوں کے بعد جدول میں آخری مقام پر پہنچ چکی ہے ۔ دوسری جانب حیدرآباد کیلئے حالات کسی قدر بہتر اس لئے ہیں کیونکہ چار ناکامیوں کے باوجود اس کا رن ریٹ میزبان ٹیم سے کہیں بہتر ہے ۔ دونوں ہی ٹیمیں اس مقابلے میں ناکامی کے بعد شرکت کررہی ہے کیونکہ دونوں ہی ٹیموں کو گذشتہ مقابلوں میں کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے ۔ پنجاب کیلئے گذشتہ مقابلے میں ایک شرمناک شکست برداشت کرنی پڑی جیسا کہ چینائی سوپر کنگس کے خلاف 193 رنز کے نشانے کے تعاقب میں وہ 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 95 رنز ہی بنا پائی ہے اور اس طرح آئی پی ایل اے آٹھویں سیزن میں یہ دوسرا اقل ترین اسکور ہے۔ پنجاب کی ٹیم کاغذات پر کھلاڑیوں کی موجودگی میں ایک طاقتور ٹیم دکھائی دیتی ہے لیکن اس کے مظاہرے انتہائی مایوس کن ہے ۔ ٹیم میں ویریندر سہواگ‘ مرلی وجئے ‘ ڈیوڈ ملر‘ شان مارش اور گلین میکسویل جیسے کھلاڑیوں کی موجودگی کے باوجود بیٹنگ شعبہ بہتر مظاہرہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوپارہا ہے۔ خصوصاً میکسویل کو مسلسل ناکام ہونے کی وجہ سے گذشتہ مقابلے میں ٹیم سے باہر کردیا تھا اور ان کے مقام پر کپتان جارج بیلی نے ٹیم میںواپسی کی تھی۔ حیدرآباد کیلئے بھی حالات بہتر نہیں ہے حالانکہ کپتان ڈیویڈ وارنر اور شکھر دھون نے بہتر مظاہرہ کیا ہے جس کے باوجود ٹیم کے مظاہرے مایوس کن ہے ۔