حیدرآباد /30 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد اور سائبرآباد پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 3 افراد بشمول ایک نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا ۔ پولیس شاہ عنایت گنج کے مطابق ایک 30 تا 40 سالہ شخص جس کی شناخت نہیں ہوپائی ہے کل رات مسلم جنگ پل پر سڑک عبور کرنے کے دوران نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ رائے درگم پولیس کے مطابق 26 سالہ محمد ذاکر جو آئی بی ایم کمپنی میں سیکوریٹی گارڈ کا کام کرتا تھا ۔ ایم ایس مقطعہ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ جس کا آبائی مقام ٹیکمال ضلع میدک بتایا گیا ہے ۔ ذاکر موٹر سائیکل پر کوالیٹی ان چوراہا سے گذر رہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا ۔ اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ایل بی نگر پولیس کے مطابق 29 سالہ روی جو پیشہ سے پینٹر تھا ۔ مشیرآباد علاقہ کا ساکن تھا 26 ڈسمبر کے دن موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سائیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگیا اور وہ شدید زخمی حالت میں کل رات فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔