نئی دہلی ۔26جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) بی سی سی آئی ٹورس اینڈ فکشرس کمیٹی نے آج ویسٹ انڈیز کیلئے رواں برس اکٹوبر اور نومبر میں کھیلی جانے والی ٹسٹ سیریز کیلئے بنگلور ‘ احمدآباد اور حیدرآباد کو میزبانی کے حقوق دیئے ہیں ۔ حیدرآباد میں ویسٹ انڈیز اور ہندوستان کے درمیان کھیلا جانے والا ٹسٹ چمپئنس لیگ ٹوئنٹی 20کے بعد شہر میں منعقد ہونے والا بین الاقوامی مقابلہ ہوگا۔ علاوہ ازیں کمیٹی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف منعقد ہونے والے پانچ ونڈے مقابلوں کی میزبانی کیلئے کولکتہ ‘ وشاکھاپٹنم ‘ کٹک‘ دھرم شالہ اور کوچی کو منتخب کیا ہے جب کہ دہلی کا فیروز شاہ کوٹلہ میدان پہلی مرتبہ ٹوئنٹی 20میں بین الاقوامی مقابلہ کی میزبانی کرے گا ۔ میدانوں کے انتخاب کے باوجود دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلوں کی تواریخ کا ہنوز قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے جو عنقریب متوقع ہے ۔ ایڈن گارڈن اور دھرم شالہ نے آخری مرتبہ ڈسمبر 2012میں پاکستان اور جنوری 2013ء میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے مقابلوں کی میزبانی کی تھی ۔