حیدرآباد۔8نومبر ( سیاست نیوز) سری لنکا کے خلاف کھیلی جارہی 5ونڈے مقابلوں کی سیریز کا تیسرا مقابلہ کل یہاں حیدرآباد کے راجیوگاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور اس ڈی نائٹ مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کو سیریز پر قبضہ کرنے کا موقع دستیاب ہے جیسا ک ابتدائی دو مقابلوں میں میزبان ٹیم نے جامع فتوحات کے ذریعہ 2-0کی بہترین سبقت حاصل کرلی ہے ۔ دوسری جانب مہمان سری لنکائی ٹیم نوابوں کے شہر میں کھیلے جارہے اس مقابلہ میں کامیابی کیلئے کوشاں ہے ‘ کیونکہ کامیابی کے ذریعہ ہی وہ سیریز میں واپسی کرسکتی ہے ۔ ویراٹ کوہلی جو کہ مستقل کپتان مہیندر سنگھ دھونی کو تین مقابلوں کیلئے آرام دیئے جانے کے بعد ٹیم کی قیادت کررہے ہیں
‘ اُن کی خواہش ہے کہ سیریز کا فیصلہ کل یہاں حیدرآباد میں ہی ہوجائے ۔ ویراٹ کوہلی نے یہاں حیدرآباد میں صبح کے سیشن میں ٹیم کی نٹ پریکٹس کے بعد میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ 2015ء کی تیاریوں پر ہر کھلاڑی کی نظر مرکوز ہوچکی ہے ۔ نیز سری لنکا کے خلاف کھیلی جارہی رواں سیریز کو ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے ایک بہترین موقع کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے ۔ نیز ٹیم نے ہر مقابلے کو ناک آؤٹ مقابلے کی اہمیت دیتے ہوئے بہتر مظاہرہ کا منصوبہ رکھا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حریف ٹیم کیا محسوس کرتی ہے نیز اس کی خامیاں اور خوبیاں کیا ہیں اس سے قطع نظر ہماری کوشش یہی ہے کہ ہم ہرمقابلے میں بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی خامیوں پر قابو پانے کیلئے کوشاں ہے ۔ پُراعتماد نظر آرہے ویراٹ کوہلی نے مزید کہا کہ ٹیم کوشاں ہے کہ وہ کل یہاں سیریز پر اپنا قبضہ کرلے اور جیسا کہ سبھی جانتے ہیں کہ ہندوستانی ٹیم نے ورلڈ کپ کی مہم کا آغاز کردیا ہے ۔ کوہلی کے بموجب ٹیم کیلئے ہر مقابلہ اہمیت کا حامل ہے ۔ ہندوستانی ٹیم جس نے پہلے مقابلے میں 363رنز اسکور کرتے ہوئے 169رنز کی کامیابی حاصل کی تھی جب کہ دوسرے مقابلے میں 275رنز کا مطلوبہ نشانہ پانچ اوورس قبل ہی حاصل کرلیا تھا ۔ ہندوستان کیلئے اجنکیا رہانے‘ شکھر دھون اور امباٹی رائیڈو نے سنچریاں اسکور کرتے ہوئے فام میں ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔
حیدرآباد میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سری لنکائی ٹیم کے اسپین کوچ راجروج سوریا نے کہا کہ رواں سیریز میں 2-0 سے پیچھے رہنے کے بعد ٹیم کیلئے حالات مشکل ہوچکے ہیں لیکن کھلاڑیوں کے حوصلے پسند نہیں ہوئے ہیں اور وہ ایک اور چیلنج کیلئے تیار ہیں ۔ خصوصاً نوجوان کھلاڑیوں کو جو موقع ملا ہے وہ اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے تیسرے مقابلے میںبہتر مظاہرہ کیلئے پُرعزم ہے ۔ ٹیم کے اسپنر سورج رندیو کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے راجر نے کہا کہ اسپنر کی ایک عرصہ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی ہوئی ہے اور انہیں خود کو مقابلوں سے ہم آہنگ کرنے میں وقت لگ رہا ہے لیکن امید ہے کہ کل کے اہم مقابلے میں وہ بہتر مظاہرہ کریں گے ۔ ویسٹ انڈیز کے وطن واپس چلے جانے کے بعد مختصر وقت میںسری لنکائی ٹیم کو اس دورہ پر آنا پڑا ہے‘ اس ضمن میں راجر کا کہنا ہے کہ موجودہ کرکٹ میں اس طرح کی مانگ ہمیشہ ہی موجود رہتی ہے ۔