حیدرآباد میں آج ہند۔ بنگلہ دیش واحد ٹسٹ کا آغاز

مہمان ٹیم تاریخی مقابلہ کو یادگار بنانے کیلئے کوشاں

حیدرآباد۔ 8 فروری (سیاست نیوز) حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ میں موجود راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم اوپل میں کل ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان واحد ٹسٹ مقابلہ شروع ہورہا ہے۔ عالمی درجہ بندی میں دونوں ٹیموں کے مقامات میں زمین و آسمان کا فرق ہے جیسا کہ ہندوستانی ٹیم ٹسٹ کی آئی سی سی درجہ بندی میں پہلے مقام پر فائز ہے جبکہ مہمان ٹیم 9 ویں مقام پر موجود ہے۔ کاغذات پر دونوں ٹیموں کے درمیان مسابقت کیلئے کوئی موازنہ دکھائی نہیں دیتا لیکن بنگلہ دیشی ٹیم میں کئی ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو ہندوستان کو آسان کامیابی سے نہ صرف دُور رکھ سکتے ہیں بلکہ اپنے دن ٹیم کیلئے کوئی غیرمعمولی کارنامہ انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بنگلہ دیش جو کہ رنگین ملبوسات میں کھیلی جانے والی کرکٹ میں جتنے شاندار مظاہرے حالیہ برسوں میں کئے ہیں، وہ سلسلہ سفید لباس میں کھیلی جانے والی کرکٹ میں دہرا نہ سکے جیسا کہ گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے ٹسٹ میں بنگلہ دیشی ٹیم 550 رنز بناتے ہوئے اپنی اننگز ختم کی تھی تاہم وہ میزبان ٹیم کے خلاف کامیابی حاصل نہیں کرپائی۔ 16 برسوں سے ٹسٹ کرکٹ کھیلنے کے باوجود بنگلہ دیشی ٹیم کامیابی حاصل کرنے کا راز تلاش کرنے میں ہنوز ناکام ہے۔ دوسری جانب ہندوستانی ٹیم مسلسل بہترین مظاہروں کے ذریعہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں فتوحات حاصل کی ہیں۔ کل کھیلے جانے والے مقابلے کیلئے قطعی 11 کھلاڑیوں کا کپتان ویراٹ کوہلی اور کوچ انیل کمبلے کی جانب سے اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن حالیہ دنوں میں ٹیم کیلئے کئی کھلاڑیوں نے بہتر مظاہروں کے ذریعہ اپنا مقام مستحکم کیا ہے۔ کئی برسوں بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے ابھینو مُکنڈ کو قطعی 11 کھلاڑیوں میں اپنا مقام حاصل کرنے کیلئے مزید انتظار کرنا پڑے گا، کیونکہ ابتدائی چار مقامات کیلئے کے ایل راہول، مرلی وجئے، چیٹیشور پجارا اور  کپتان ویراٹ کوہلی پہلی پسند ہیں جبکہ پانچویں مقام کیلئے ہندوستان کیلئے حالیہ دنوں میں ٹرپل سنچری اسکور کرنے والے کرون نیّر اور اجنکیا راہنے موجود ہیں تاہم ان دو کھلاڑیوں میں نیّر کا حالیہ مظاہرے کے بعد پلڑا بھاری ہے۔ کوہلی نے مقابلہ سے قبل منعقدہ پریس کانفرنس میں اشارہ دے دیا ہے کہ نیّر کا چونکہ فام راہنے کی بہ نسبت اس وقت بہتر ہے، لہذا راہنے کو آرام دیا جاسکتا ہے۔ اسپن شعبہ میں عالمی نمبر ایک روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ موجود ہیں۔ اشون تیز ترین 250 وکٹس حاصل کرنے والے پہلے بولر بننے کے قریب ہیں جس کیلئے انہیں صرف 2 وکٹیں حاصل کرنی ہیں۔ فاسٹ بولنگ شعبہ میں اومیش یادو اور ایشانت شرما پہلا انتخاب ہوں گے ، تاہم حیدرآباد کی وکٹ سے اچھی طرح واقف بھونیشور کمار کی شاید قطعی 11 کھلاڑیوں میں جگہ مشکل ہے۔ بنگلہ دیش میں شکیب الحسن کی موجودگی اس کی طاقت ہے جبکہ مستفیض الرحمن کی عدم موجودگی اس کیلئے ایک نقصان ثابت ہوسکتی ہے۔