حیدرآباد ۔ 7ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) تائیوان ایکسیلنس گیمنگ کپ 2017ء کی میزبانی اس مرتبہ حیدرآباد کررہا ہے اور ڈوٹا۔2اور کاؤنٹرس اسٹرائیک گو کے شائقین کیلئے اپنی گیمنگ صلاحیتوں کو بین الاقوامی سطح پر ظاہر کرنے کا یہ بہترین موقع تصور کیا جارہاہے ۔ گذشتہ تین برسوں سے کامیاب ٹورنمنٹ کے بعد چوتھے برس یہ ٹورنمنٹ 29ستمبر کو حیدرآباد میں شروع ہوگا جس کے بعد ممبئی ‘ چینائی ‘ بنگلور ‘ کولکتہ اور دہلی میں بھی اس مقابلے منعقد کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں 10لاکھ انعامی رقم کیلئے 6مقامات سے 12ٹیموں کا انتخاب عمل میں آئے گا اور خطابی مقابلہ 27اور 28اکٹوبر کو ممبئی کے انفینیٹی مال ملاڈ ویسٹ میں منعقد ہوگا ۔
لیون نے جڈیجہ کو پیچھے چھوڑدیا
چٹاگانگ۔7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)آسٹریلیائی آف اسپنر نیتھن لیون بنگلہ دیش کیخلاف پہلی اننگز میں سات وکٹیں لے کر جیسن گلیسپی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ساتویں بہترین آسٹریلیائی بولر بننے کے ساتھ ہی ایشیا میں رواں سال سب سے بہترین اسپنر بھی بن گئے۔ سری لنکا کے رنگنا ہیراتھ اور ہندوستان کے رویندر جڈیجہ کے تین مرتبہ کے مقابلے میں وہ 5 مرتبہ اننگز میں پانچ یا زائد وکٹیں لے چکے ہیں۔علاوہ ازیں بنگلہ دیش کے خلاف وہ دوسری اننگز میں بھی 6 وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔