حیدرآباد اب متوازن ٹیم بن گئی : ڈیوڈ وارنر

حیدرآباد۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) اپنے بیٹسمنوں اور بولروں کی ستائش کرتے ہوئے سن رائزرس حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ رواں آئی پی ایل ٹورنمنٹ کے درمیان میں ہی ٹیم نے فتوحات کا سلسلہ حاصل کرلیا ہے اور اس سلسلے کو اُمید ہے کہ ٹیم آئندہ مقابلوں میں بھی برقرار رکھے گی۔ گزشتہ رات یہاں حیدرآباد کی راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں طاقتور رائل چیلنجرس بنگلور کو 15 رنز کی شکست دینے کے بعد ڈیوڈ وارنر نے ٹیم کے متوازن ہوجانے کا خیال ظاہر کیا ہے۔ وارنر نے یہاں حیدرآباد میں ایک اہم کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمیشہ ہی بہتر ہوتا ہے کہ آپ اسکور بنائیں اور میں اپنے کھلاڑیوں پر فخر کرتا ہوں جنہوں نے بیٹنگ کے دوران ایک بڑے اسکور کے حصول کیلئے جو طرز رسائی اختیار کی، وہ قابل ستائش ہے۔ حیدرآباد کے لئے سیزن میں پہلا مقابلہ کھیلنے والے نیوزی لینڈ کے کامیاب کپتان کین ولیمسن کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے وارنر نے کہا کہ ولیمسن ایک بہترین صلاحیتوں کے کھلاڑی ہیں اور ان کی نصف سنچری کی اننگز میں ٹیم کیلئے کلیدی رول ادا کیا۔

علاوہ ازیں بولروں نے بھی انتہائی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹیم کو اہم کامیابی دلوائی ہے۔ وارنر نے ولیمسن کی اہم اننگز کافی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ سن رائزرس حیدرآباد کے لئے پہلا مقابلہ کھیلنے والے ولیمسن نے میدان پر آتے ہی 38 گیندوں میں 50 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کے توازن کو مزید مستحکم کیا ہے۔ ولیمسن کا کھیل انتہائی شاندار تھا ، اور ان کی موجودگی کے بعد یہ اُمید بہ آسانی کی جاسکتی ہے کہ وہ ٹیم کے توازن میں کلیدی رول ادا کریں گے۔ ولیمسن نے نہ صرف انفرادی طور پر ایک بہتر اننگز کھیلی بلکہ پارٹنرشپ کے ذریعہ ٹیم کو مستحکم موقف فراہم کیا ہے ۔ وارنر نے ہینرکس کی اننگز کی بھی شاندار انداز میں تعریف کی ہے ۔وارنر نے تیز رفتار 92 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور 194/5 میں اہم رول ادا کیا اور کہا کہ بنگلور کے خلاف یہ ایک اہم مقابلہ تھا اور کامیابی اس سے کہیں بڑی تھی، کیونکہ حریف ٹیم میں اے بی ڈی ویلیرس جیسے کھلاڑی موجود تھے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد بنگلور کے کپتان ویراٹ کوہلی اور شمسی کی جانب سے خوشی کا اظہار کئے جانے پر وارنر نے کہا کہ کوہلی کا وہ انداز قابل قبول نہیں تھا کیونکہ ٹیم 15 اوورس میں 150 رنز دے چکی تھی تو پھر اس طرح کی خوشی کے کوئی معنی نہیں ہوتے۔ وارنر نے کہا کہ اگر یہ میری ٹیم کے ساتھ ہوتا تو میں اسے قبول نہیں کرتا ۔ یاد رہے کہ وارنر کو آؤٹ کرنے کے بعد بولر اور کپتان نے منفرد انداز میں ڈانس کے ذریعہ خوشی کا اظہار کیا تھا ۔