حیدرآبادی حافظ عبداللہ عبدالمتین عثمانی کو پہلا انعام

جدہ ۔ 9ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) عبداللہ عبدالمتین عثمانی ایک ہندوستانی تارکین وطن کو حال ہی میں سالانہ حفظ قرآن مقابلہ کا فاتح قرار دیا گیا۔ اس مقابلہ کا اہتمام جامعہ تحفیض القرآن مکہ ریجن کرتی ہے ۔ ایک ہزار حفاظ نے اس مقابلہ میں شرکت کی جن میں سے 13کو 95 اور 99 کے درمیان نمبر حاصل ہوئے ۔ دوسرے مقابلہ میں جو اس کے بعد ہوا عبداللہ عبدالمتین عثمانی کو کامیاب قرار دیا گیا ۔ شہزادہ مشعل بن ماجد گورنر جدہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ اس کے علاوہ سینکڑوں سینئر عہدیداروں ‘ مخیر افراد اور والدین نے شرکت کی ۔ شہزادہ مشعل نے کامیاب ہونے والوں کو انعامات عطا کئے ۔ حافظ عبداللہ عبدالمتین عثمانی کو پہلے انعام کے طور پر ایک کار دی گئی ۔ جامعہ تحفیض القرآن حفظ و تلاوت قرآن کے طلبہ کیلئے قائم کیا گیا ہے اور طلبہ و مقابلہ کے شرکاء کی حوصلہ افزائی کیلئے ہر سال مقابلے منعقد کرتا ہے ۔ حافظ عبداللہ عبدالمتین جنوبی ہند کے شہر حیدرآباد کے متوطن ہیں ۔ان کے والد متین عثمانی نے خدا کا شکرادا کیا کہ ان کے فرزند کو اتنا بڑا اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ انہوں نے جامعہ تحفیض القرآن کی کوششوں کی بھی ستائش کی جو قرآن مجید کے حفظ اور تلاوت کی تعلیم دیتی ہے ۔