حیدرآباد ۔ 27 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ویسٹ زون کی پولیس نے سنگاڑی کنٹہ ، حکیم پیٹ کرشنا نگر ، فلم نگر اور زہرہ نگر کے علاقوں میں دھاوا کرتے ہوئے مشتبہ افراد روڈی شیٹرس اور عادی سارقین کی ٹولیوں کے ارکان کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے اس دھاوے کے دوران زیر التواء غیر ضمانتی وارنٹ کا مسئلہ بھی پولیس نے حل کرلیا ۔ اسٹیٹ کمشنر آف پولیس بنجارہ ہلز مسٹر ادے کمار نے بتایا کہ ان علاقوں میں جرائم پیشہ افراد پر نظر رکھنے اور ایسے افراد کی سرگرمیوں پر قابو پانے کے لیے دھاوا کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ رات دیر گئے کئے گئے اس دھاوے میں 5 مشتبہ افراد 4 روڈی شیٹرس 6 پرانے سارق 10 سابق سزاء یافتہ عادی سارقین کو حراست میں لیا گیا اس کے علاوہ تین مقامات سے قمار بازی میں ملوث 25 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ اور ان کے قبضہ سے ایک لاکھ 63 ہزار روپئے نقد رقم 6 سیل فون ضبط کرلیے گئے ۔ 11 افراد بنجارہ ہلز روڈ نمبر 14 ، 6 افراد بنجارہ ہلز روڈ نمبر 13 اور 8 افراد فلم نگر کے سریش گیسٹ ہاوز سے گرفتار کرلیے گئے ۔ اس دھاوے میں ایک ایڈیشنل ڈی سی پی ، 2 اے سی پی سطح کے عہدیداروں ، 10 انسپکٹرس ، 40 سب انسپکٹرس ، 300 کانسٹبل و دیگر شامل تھے ۔۔