نئی دہلی ۔ 6 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج نریندر مودی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ہندوستان کی شبیہ مسخ کررہی ہے ، پارٹی نے کہاکہ داؤد ابراہیم کا پتہ حکومت کو معلوم نہیں ہے حالانکہ یکے بعد دیگرے ہندوستان کی حکومتوں نے ادعا کیا تھا کہ انڈر ورلڈ ڈان پاکستان میں مقیم ہے ۔ اپوزیشن پارٹیوں نے مرکزی وزیر داخلہ سے اس مسئلہ پر بیان کا مطالبہ کیا جس سے حکومت نے اتفاق کیا ۔ وقفۂ صفر کے دوران یہ مسئلہ اُٹھاتے ہوئے قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد نے کہا کہ 1993 ء کے بمبئی دھماکوں کی تحقیقات سے ثابت ہوگیا ہے کہ داؤد ابراہیم خاطی ہے ۔ گزشتہ 20 تا 22 سال سے یکے بعد دیگرے حکومتیں یہ موقف رکھتی تھیں کہ داؤد ابراہیم پاکستان میں مقیم ہے چاہے وہ اٹل بہاری واجپائی حکومت ہو یا کانگریس زیرقیادت حکومت یا کسی اور پارٹی کی زیرقیادت حکومت موقف ہمیشہ یکساں رہا ہے ۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ ہمارے سراغ رساں اداروں کو علم ہے کہ داؤد ابراہیم کی قیامگاہ کہاں واقع ہے اور وہ اس کا اعتراف بھی کرتے ہیںاس لئے ہم توقع کرتے ہیں کہ یہ حکومت اپنے موقف کی وضاحت کرے گی ۔ ہمیں انتہائی افسوس ہے کہ حکومت نے داؤد ابراہیم کا پتہ معلوم نہ ہونے کا ادعا کیا ہے ۔ اس بیان سے ملک کی شبیہ اتنی مسخ ہوچکی ہے کہ ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔ انھوں نے کہاکہ کئی مواقع پر ہندوستان نے پاکستان کو داؤد ابراہیم کے بم دھماکوں میں ملوث ہونے کا ثبوت پیش کیا تھا ۔ غلام نبی آزاد نے مرکزی وزیر داخلہ سے اس مسئلہ پر بیان دینے کا مطالبہ کیا۔