نظام آباد:16؍ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)صدر ضلع ویلفیئر پارٹی آف انڈیا محمد انورخان نے کہاکہ ملک ایک نازک دور سے گذررہاہے ۔ایشیائی ممالک میں ہندوستان ہی شاید ایک ایسا ملک ہے جہاں دکھاوے کے طورپر سیکولرازم، سوشلزم اور جمہوریت کوبام عروج پر پہنچانے کے دعوے تو کئے جاتے ہیں لیکن اس کے برخلاف فرقہ واریت، رجعت پسندی اور فسطائیت کے کٹر نظریات کو پھیلانے کا کام زعفرانی تنظیمیں ملک کی آزادی کے بعد سے مسلسل کررہی ہیں۔ مسلمانوں کو تعلیمی میدنا اور سیاسی طورپر بے دست و پا کرنے کی سازشیں گذشتہ کئی دہوں سے جاری ہیں۔ ملک کی آزادی کے بعد سے فرقہ وارانہ فسادات میں ہزاروں مسلمانوں کا قتل کیاگیا۔ ارب ہا روپیہ کی جائیدادیں اور کاروبار کو صفحہ ہستی سے مٹادیاگیا۔ویلفیئر پارٹی آف انڈیا اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے اور تمام دانشوروں، سیاسی عوامی، سماجی قائدین سے پُرخلوص اپیل کرتی ہے کہ وہ ایک پلیٹ فارم پر آجائیں۔ ویلفیئر پارٹی آف انڈیا نے مرکزی سرکار کی عوام دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کرنے اور پالیسیوں کے روبہ عمل لائے جانے سے آئندہ دنوں میں غریب متوسط طبقات پر پڑنے والے مضر اثرات کے تعلق سے عوام کے شعور کو بیدار کرنے کا17؍مئی سے آغاز کیاجارہاہے۔ جناب انور خان صدر ضلع ویلفیئر پارٹی آف انڈیا نے تمام ہندو مسلم محب وطن شہریوں سے اس خصوص میں تعاون عمل کی اپیل کی ہے ۔