حکومت کی بدعنوانیوں کو عوام کے سامنے لایا جائے

گھر گھر تلگودیشم پروگرام کا لائحہ عمل تیار کرنے کارکنوں کو اے جی ریڈی کا مشورہ
کریم نگر۔/26جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کے سی آر نے اقتدار پر آنے کیلئے انتخابات سے قبل جو وعدے کئے تھے ان میں سے ایک پر بھی عمل نہیں کیا گیا، حکومت کی اس ناکامی کو عوام کے علم میں لایا جائے۔ تلگودیشم پارٹی ضلع صدر اے جی ریڈی نے پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا۔ یکم ستمبر سے ضلع میں گھر گھر تلگودیشم پروگرام کے تحت عوام کو تلگودیشم کی کارکردگی یا د دلاتے ہوئے ٹی آر ایس کی ناکامیوں اور عوام مخالف پالیسیوں سے واقف کروایا جائے، اس سلسلہ میں ماہ اگسٹ میں لائحہ عمل مرتب کرتے ہوئے محنت سے کام کرنے کی کارکنوں کو ہدایت دی اور کہا کہ اس طریقہ کار سے عوام کو درپیش مسائل سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے اس کی یکسوئی کیلئے جدوجہد کی جائے جس سے عوام سے قربت اور تائید حاصل ہوگی ۔ کریم نگر کے ہوٹل پیکاک میں منعقدہ کارکنوں کے اجلاس میں انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آنے والے انتخابات کی ابھی سے پوری تیاری کرلینی ہوگی اور اندرونی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پارٹی کے استحکام کیلئے متحدہ طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہ کہ 2019کے انتخابات میں تلگودیشم پارٹی کا کلیدی رول ہوگا۔اجلاس میں سکریٹری پی شیوا را م کرشا ، داسری پروین کمار پارٹی نائب صدر وائی کشور، کے راجیا، کے ریڈی، ملا ریڈی، ایس کے سلیم، ایس راجیشم، ممتاز بیگم، دفتر سکریٹری ناگو لا بالا گوڑ،ایچ چاری، کشٹیا، محمد یوسف پبلسٹی سکریٹری ترینتی اور دیگر نے شرکت کی۔