حکومت کسانوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے سنجیدہ: وزیر زراعت

جڑچرلہ /28 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پوچارم سرینواس ریڈی نے جڑچرلہ رکن اسمبلی ڈاکٹر سی لکشما ریڈی کی قیامگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی 75 فیصد آبادی کا انحصار شعبہ زراعت پر ہے۔ زرعی اغراض کے لئے پانی اور برقی کی عدم سربراہی کے باعث کسانوں کو نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ملک آزاد ہوکر کئی برس گزر چکے، تاہم کوئی بھی حکومت کسانوں کے مسائل حل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔ کانگریس حکومت کے 42 سال اور تلگودیشم حکومت کے 12 سال میں کسانوں کے لئے کچھ نہیں کیا گیا۔ وزیر زراعت پوچارم سرینواس ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی منشور میں کسانوں سے جو وعدے کئے ہیں، ان وعدوں پر عمل کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ کسانوں کے قرصہ جات کی معافی کے لئے اقدامات کا آغاز ہو چکا ہے، جس کے لئے بینکرس کے ساتھ چیف منسٹر ایک اجلاس منعقد کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کسانوں کے تمام مسائل کی یکسوئی کے لئے کوشاں ہے۔ وزیر زراعت نے کہا کہ تلنگانہ میں برقی قلت سے نمٹنے کے لئے ٹی آر ایس حکومت ہرممکن کوشش کر رہی ہے۔ آئندہ دو سال کے دوران برقی کی زائد پیداوار کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ محبوب نگر ضلع کے کسانوں کی ترقی کے لئے چیف منسٹر کے سی آر سنجیدہ ہیں۔ اس موقع پر جو پلی کرشنا راؤ رکن اسمبلی کولا پور، ایم جناردھن ریڈی ناگر کرنول، انجیا رکن اسمبلی شاد نگر، سرینواس گوڑ رکن اسمبلی محبوب نگر، بالرام رکن اسمبلی اچم پیٹ، بی بھاسکر صدر نشین ضلع پریشد، پربھاکر ریڈی زیڈ پی ٹی سی بالا نگر، گووردھن ریڈی، پی مرلی، یادیا، شیوا کمار، روی شنکر، سریکانت، امتیاز، حفیظ، ابراہیم، ٹی آر ایس قائدین اور دیگر موجود تھے۔