حکومت پر تنقید کرنے والے سماجی کارکن کو 10 سال کی جیل

ریاض، 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات میں سوشل میڈیا پر حکومت کی تنقید کرنے کے الزام میں مشہور سماجی کارکن احمد منصور کو 10 سال جیل کی سزا سنائی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ مسٹر منصور پر 2،72،000 امریکی ڈالر کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے ۔ملک کے قومی اخبار نے یہ اطلاع دی۔تجارت اور سیاحت کا اہم مرکز متحدہ عرب امارات میں مکمل طور پر بادشاہت ہے جو اپنے نظام حکمرانی پرعوامی تنقید کو بہت کم برداشت کرتا ہے ۔ مسٹر منصور اور جمہوریت نواز دیگر کارکنوں پر ملک کے رہنماؤں کی توہین کرنے کے الزام میں مقدمہ چلایا گیا ہے ۔اخبار کی رپورٹ کے مطابق پیشے سے الیکٹریکل انجینئر مسٹر منصور ایک شاعر بھی ہیں۔ انہیں فرقہ وارانہ اور نفرت انگیز ایجنڈے کو فروغ دینے کے الزام میں مارچ 2017 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ تاہم، عدالت نے انہیں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام سے بری کر دیا ہے ۔