حکومت جموں و کشمیر کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش

جموں 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ڈپٹی چیف منسٹر جموں و کشمیر نرمل سنگھ نے آج یہ الزام عائد کیا ہے کہ سرکاری انتظامیہ میں بعض عناصر پی ڈی پی ۔ بی جے پی حکومت کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش کررہے ہیں، جس کے لئے ریاستی پرچم کا مسئلہ چھیڑا گیا ہے لیکن ارباب اقتدار اور دانشوروں میں اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔ یہ دریافت کئے جانے پر ریاستی پرچم کے مسئلہ کو جن افراد نے اُٹھایا ہے اُن کے خلاف کارروائی کی جائے گی، ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ اس خصوص میں کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ اُنھوں نے یہ اندیشہ ظاہر کیاکہ مستقبل قریب میں اس طرح کی سازشوں کا خطرہ لاحق رہے گا لہذا ابتداء میں ہی انھیں کچل دینے کی ضرورت ہے۔ تاہم اُنھوں نے کہاکہ عوام کے فیصلہ کا احترام کرتے ہوئے ریاست میں پی ڈی پی ۔ بی جے پی حکومت تشکیل دی گئی ہے اور بہت جلد سازشی عناصر کو بے نقاب کیا جائے گا۔