سازگار ماحول پیدا کرنے کانگریس کا تعاون درکار : وزیرسماجی انصاف
نئی دہلی ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ترقیوں میں ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کیلئے ریزرویشن کے تئیں اپنے عہد کا اظہار کرتے ہوئے حکومت نے آج کانگریس سے سازگار ماحول پیدا کرنے میں تعاون چاہا، قبل اس کے کہ یہ تجویز کو قانونی حمایت دینے کیلئے قانون نافذالعمل لایا جاسکے۔ وزیرسماجی انصاف اور خوداختیاری تھا ورچند گہلوٹ نے یہ اعتراف کیا کہ این ڈی اے کے ساتھ ساتھ کانگریس میں بھی ایسے گوشے ہیں جو ترقیوں میں تحفظ کے مخالف ہیں اور کہا کہ حکومت پروموشن میں ریزرویشن کے حق میں ہے لیکن ہمیں سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیرموصوف کانگریس لیڈر ملکارجن کھڑگے کی جانب سے ترقیوں میں ریزرویشن کے مطالبے پر جواب دے رہے تھے۔ کھڑگے نے یہ مسئلہ وزارت سماجی انصاف اور خوداختیاری کیلئے مطالبات زر پر مباحث کے دوران اٹھایا تھا۔ یہ مطالبات زر لوک سبھا میں اپوزیشن کی پیش کردہ تحریکات کو مسترد کرنے کے بعد ندائی ووٹ کے ذریعہ منظور کئے گئے تھے۔ گہلوٹ نے کہا کہ اگر کانگریس تحریری طور پر بتائے کہ وہ درج فہرست طبقات، درج فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کیلئے پروموشن میں ریزرویشن کے حق میں ہے، تو حکومت اس تجویز کو آگے بڑھائے گی۔ قبل ازیں یو پی اے اقتدار میں ترقیوں میں تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ایک بل راجیہ سبھا میں منظور کیا گیا تھا، لیکن یہ سیاسی جماعتوں میں اختلافات کی وجہ سے لوک سبھا میں کامیاب نہیں ہوسکا تھا۔