حکمرانی کے سوائے دیگر مسائل پر خاموشی اختیار کرنے کا اعلان

نئی دہلی ۔ 5 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج ذرائع بلاغ کے ایک گوشہ پر تنقید جاری رکھتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ عاپ کو بدنام کرنے کی کوشش کررہا ہے اور پارٹی قائدین کے بیویوں اور بچوں کو الگ تھلگ کررہا ہے۔ چند دن قبل انہوں نے صحافت پر ’’عوامی مقدمہ‘‘ کی تائید کی تھی، جس پر وہ شدید تنقید کا نشانہ بنے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کا ایک گوشہ مستقل طور پر عاپ کو بدنام کرنے کی مہم چلا رہا ہے کیونکہ اسے دہلی اسمبلی انتخابات میں زبردست اکثریت حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کی پارٹی حکمرانی کے سوائے دیگر تمام مسائل پر خاموشی اختیار کریں گے۔ کجریوال کا یہ تبصرہ اس پس منظر میں اہمیت رکھتا ہے کہ ایک خاتون پارٹی کارکن نے سینئر قائد کمار وشواس پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے اس کے ساتھ ناجائز تعلقات کی افواہوں کی تردید نہیں کی۔ اس کی خواتین کمیشن میں درخواست پر کمار وشواس اور ان کی بیوی سمن جاری کئے گئے ہیں۔ اروند کجریوال نے اس بات پر بھی اظہارتشویش کیا کہ ذرائع ابلاغ پارٹی قائدین کے خاندانوں کو بھی اس صحافت میں برسرعام گھسیٹ کر لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی لڑائی میرے ساتھ ہے، براہ کرم ہمارے بیویوں اور بچوں کو بخش دیں۔ آخر کب تک ہم وضاحت پیش کرتے رہیں گے۔ کجریوال نے کمار وشواس کا بھی دفاع کیا۔