پونے۔27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) کامیابی کے قریب آکر بھی شکست برداشت کر رہی ممبئی انڈینس کے سامنے کل آئی پی ایل 11 میں حیرت انگیز مظاہرہ کرکے سب سے اوپر موجود مہندر سنگھ دھونی کی چینائی سوپر کنگ کا چیلنج رہے گا جو ٹورنمنٹ میں ایکسپریس کی رفتار سے دوڑ رہی ہے ۔روہت شرما کی کپتانی میں ممبئی دو مرتبہ چیمپئن رہی ہے لیکن رواں ٹورنمنٹ میں اس کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے اور اب تک اس نے چھ میں سے پانچ میچ گنوا دیے ہیں اور فہرست میں وہ ساتویں نمبر پر کھسک گئی ہے ۔دوسری طرف دو سال کی پابندی کے بعد چینائی کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کی ہے اور دھونی کی قیادت میں چھ میں سے پانچ میچ جیتے ہیں اور سرفہرست ہے ۔آئی پی ایل میں دو دو مرتبہ خطاب جیت چکیں ممبئی اور چینائی ٹورنمنٹ کی سب سے بہترین ٹیمیں ہیں۔دونوں ہی ٹیموں کے پاس دیسی اور پردیسی کھلاڑیوں کا مضبوط لائن اپ ہے لیکن موجودہ سیزن میں ان کے درمیان سب سے بڑا فرق یہی ہے کہ جہاں روہت کی ٹیم فتح کے قریب آکر گزشتہ مقابلوں میں میچ ہار رہی ہے تو وہیں دھونی کی ٹیم آخری گیند تک میچ جیتنے میں کامیاب ہو رہی ہے ۔ممبئی کی ڈیتھ اووروں میں ناقص کارکردگی اور جدوجہد نہ کر پانا اس کی شکست کا بڑا سبب ہے ۔ گزشتہ میچ میں ممبئی کی حریف سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف 31 رن کی شکست سب سے زیادہ حیران کن رہی ۔ممبئی کے بولروں نے حیدرآباد کو 18.4 اوورز میں ہی 118 رنز پر ڈھیر کر دیا تھا لیکن ممبئی کے اسٹار بیٹنگ شعبہ اتنے چھوٹے ہدف کو حاصل نہیں کر سکے اور پوری ٹیم 87 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ممبئی کے بیٹسمینوں اور بولروں کے کھیل میں بھی تسلسل کا زبردست فقدان ہے ۔ٹیم کے بولروں جسپریت بمراہ، مشیل میک کلینگن، ہاردک پانڈیا، مستفیض الرحمن، کرنال پانڈیا، مینک مارکنڈے سب نے گزشتہ میچ میں ناقص بولنگ کی تھی۔لیکن اس کے ا سٹار بیٹسمین بھی میچ نہیں بچا پائے ۔ٹیم کے پاس محدود اوورز کے بہترین ہندوستانی کھلاڑی اور کپتان کے طور پر روہت جیسے بیٹسمین ہیں لیکن خراب فارم کی وجہ سے مڈل آرڈر میں کھیل رہے روہت نے اب تک 94 رنز کی نصف سنچری اننگز کے علاوہ 2،0،18،11 اور 15 کی مایوس کن اننگز ہی کھیلی ہیں۔سوریہ کمار یادو 38.33 کے اوسط سے 230 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر ہیں ۔