دبئی۔ 26 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) یمن کے وزیر خارجہ خالد الیمانی کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا مشکل صورتحال سے دوچار ہے اور وہ اقوام متحدہ کے زیر قیادت سیاسی تجاویز کے ساتھ معاملہ بندی قبول کرنے کیلئے تیار ہے۔ الیمانی نے یہ بات بطور وزیر خارجہ تقرر کے بعد اپنے پہلے انٹرویو میں کہی۔الیمانی نے انکشاف کیا کہ اقوام متحدہ کو حوثیوں کی جانب سے پیغامات موصول ہوئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ وہ امن عمل کے سلسلے میں یمنی شہروں سے انخلاء اور اپنے ہتھیار ریاست کے حوالے کرنے کے لیے تیار ہیں۔یمنی صدر عبدربہ منصور ہادی نے جمعرات کے روز جاری ایک فیصلے میں عبدالملک المخلافی کو وزیر خارجہ کے منصب سے سبکدوش کر کے انہیں صدارتی مشیر مقرر کر دیا تھا۔المخلافی کی جگہ خالد حسین محمد الیمانی کو نیا وزیر خارجہ مقرر کیا گیا۔ 1960ء میں پیدا ہونے والے الیمانی نے یمنی وزارت خارجہ میں کئی عہدے سنبھالے۔ سال 2014ء کے اواخر میں انہیں اقوام متحدہ میں یمن کا مندوب مقرر کیا گیا تھا۔