دبئی۔ 31جنوری۔(سیاست ڈاٹ کام) یمن میں جاری سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے حکومت اور حوثی شدت پسندوں کے مابین مفاہمتی کوششیں ایک بار پھر ناکام ہو گئی ہیں۔ العربیہ کے مطابق یمن کے حوثی شدت پسندوں نے عبد ربہ منصور ھادی کے منصب صدارت سے استعفیٰ پر غیر لچک دار رویہ اختیار کیا ہے جس کے بعد بحران کے خاتمے کی کوششیں بے نتیجہ ثابت ہوئی ہیں۔خیال رہے کہ صدر عبد ربہ منصور ھادی نے حوثیوں کے مسلسل دبائو کے بعد چند روز پیشتر منصب صدارت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔ ملک کی مختلف سیاسی قوتوں کی جانب سے صدر کو استعفیٰ دینے سے روکنے اور حوثیوں کو صدر کے استعفیٰ کا مطالبہ واپس لینے کیلئے بات چیت شروع کی گئی تھی۔ دارالحکومت صنعاء کے ایک ہوٹل میں بات چیت پچھلے چار روز سے مسلسل جاری رہی ۔یمنی حکومت کے ایک ذریعے کے مطابق پچھلے چار دنوں میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی جمال بن عمرو کی موجودگی میں اہم سیاسی رہنمائوں کے مسلسل اجلاس ہوتے رہے ہیں۔ ان اجلاسوں میں حوثی نمائندوں اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کے دھڑے کی جانب سے صدر کے استعفے کے مطالبے پر لچک دکھانے سے انکار کیا گیا اور متبادل صدارتی کونسل کی تشکیل کے مطالبے پر قائم رہے جس کے نتیجے میں بات چیت کا عمل آگے نہیں بڑھ سکا ہے۔