حنیف محمد کی طبعیت مزید بگڑ گئی، آئی سی یو میں منتقلی

وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے بھی ممکنہ تعاون کا وعدہ
کراچی ، 2 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) سابق ٹسٹ کرکٹر حنیف محمد کو طبعیت کی خرابی کی بنا پر گزشتہ روز کراچی کے خانگی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ اسپتال میں طبعیت مزید خراب ہونے پر حنیف محمد انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ حنیف محمد کو سانس لینے میں دشواری ہو رہی ہے۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی اسپتال میں حنیف محمد کی عیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے حنیف محمد کے علاج کیلئے دس لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے بھی حنیف محمد کو علاج کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔ حنیف محمد گزشتہ تین سالوں سے پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہیں جس کیلئے اس سے قبل آپریشن کیا گیا تھا جبکہ گزشتہ دنوں اچانک طبیعت بگڑنے پر انھیں کراچی کے مقامی اسپتال میں داخل کرادیا گیا تھا۔ حنیف محمد کے بیٹے اور سابق کرکٹر شعیب محمد کے مطابق ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کے علاج کیلئے کیموتھراپی سے فائدہ نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 81 سالہ سابق بلے باز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے مداح ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے ہر طرح کی ممکنہ مدد پہنچانے کا یقین دلایا۔ شعیب محمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حنیف محمد کا نیا علاج بہت مہنگا ہے جس کیلئے انھیں مشکلات کا سامنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے مرض کے تازہ علاج کا خرچہ گزشتہ علاج کے نسبت دوگنا ہوگا اس لئے ہمیں حکومت کی مدددرکار ہوگی، ممکنہ طور پر اسپورٹس فنڈ سے ان کی مدد کی جائے۔