میدک۔ 30 ۔ اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی میدک کے تمام منڈلوں اور ٹاؤن میں رائے دہی پرامن رہی ۔ رائے دہی کا فیصلہ تقریباً 80 فیصد رہا ۔ حلقہ اسمبلی کے جملہ 20,3671 رائے دہندوں میں 1,62311 ووٹ استعمال ہوئے ۔ میدک ٹاؤن کے محلہ پیٹلم بیس اور گاندھی نگر کے پولنگ اسٹیشنوں میں ای وی ایم مشن میں فنی خرابی کی وجہ نصف گھنٹہ تک رائے دہی رکی رہی ۔ ٹاؤن کے تمام 32 پولنگ اسٹیشنوں کا ٹی آر ایس امیدوار ایم پدما دیویندر ریڈی ‘ کانگریس کی امیدوار ایم وجئے شانتی اور تلگودیشم بھاجپا کے امیدوار مسٹر بٹی جگپتی نے جائزہ لیا ۔ 78,965 مرد رائے دہندے اور 83346 خاتون رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔ ٹی آر ایس کی امیدوار پدما دیویندر ریڈی نے اپنے منڈل رامائم پیٹ کے کونہ پور اور میدک ٹاون میں تلگودیشم امیدوار بٹی جگپتی نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ۔ جبکہ کانگریس امیدوار وجئے شانتی نے حیدرآباد کے ایسے اسمبلی حلقہ میں ووٹ ڈالا ۔ میدک کے نرساپور کے منڈل کلچرم کے دیہات اینگنڈلا میں کانگریس اور ٹی آر ایس کے کارکنوں میں زبردست بحث و تکرار ہوئی ۔ تاہم پولیس کی مداخلت کی وجہ سے حالات صحیح ہوگئے ۔ اسی طرح قریبی مقام توپران میں بھی تلگودیشم اور ٹی آر ایس کے کارکنوں میں ہاتھا پائی کی نوبت آئی تھی لیکن پولیس نے حالات کو قابو میں لے لیا ۔ میدک اسمبلی حلقہ کے مدلوائی پولنگ بوتھ پر ایک پولنگ آفیسر کے رائے دہندوں کو ٹی آر ایس کیلئے ووٹ استعمال کرنے کیلئے اشارہ دیا ۔ جن پر کانگریس کارکنوں نے برہمی کا اظہار کیا۔