رکن اسمبلی محمد شکیل عامر کی دواخانہ میں صحافیوں سے بات چیت
بودھن یکم / ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رکن اسمبلی بودھن جناب محمد شکیل عامر گذشتہ دس دنوں سے اپولو ہاسپٹل حیدرآباد میں زیر علاج ہیں ۔ تلنگانہ اردو جرنلسٹ فورم بودھن ڈیویژن کے صحافیوں کا ایک وفد گذشتہ روز موصوف کی عیادت کرنے دواخانہ پہونچا ۔ اس موقع پر انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ حالیہ اسمبلی کے اجلاس میں بہ مشکل ایک روز شرکت کرسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف کے باعث وہ گذشتہ اسمبلی کے اجلاسوں میں شرکت نہ کرسکے ۔ جناب شکیل نے کہا کہ کے سی آر کی حلقہ اسمبلی بودھن سے خصوصی دلچسپی کے باعث حلقہ اسمبلی بودھن کیلئے سال 2014-15 کے دوران ترقیاتی کاموں کی انجام دیہی کیلئے 250 کروڑ روپئے بجٹ فراہم کیا گیا ۔ اس ضمن میں تین مختلف جی اوز بھی جاری کئے گئے ۔ نظام آباد ، بودھن کی اہم شاہراہ کے کاموں کی تکمیل کیلئے 20 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی بودھن کے چاروں منڈلوں ایڑپلی ، رنجل ، نوی پیٹ و بودھن منڈل میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے محکمہ پنچایت راج اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے محکمہ R&B کو کام تفویض کئے گئے ۔ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے مسلم اقلیتی طبقہ کی لڑکیوں کی شادیوں کیلئے ریاستی بجٹ میں حسب ضرورت رقم فراہم کرتے ہوئے تلنگانہ ریاست کے مسلمانوں کا دل جیت لیا ۔ جناب شکیل نے کہا کہ چیف منسٹر نے نامزد عہدوں پر کئے جانے والے تقررات میں شیڈول طبقات ایس سی ، ایس ٹی کیلئے 22 فیصد تحفظات فراہم کئے ۔ جس کا انہوں نے خیرمقدم کرتے ہوئے چیف منسٹر سے اپیل کی کہ ان تحفظات میں 30 فیصد تک اضافہ کرتے ہوئے مسلم طبقہ سے تعلق رکھنے والے قابل قائدین کو بھی خدمت انجام دینے کا موقع دیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے چیف منسٹر سے سیاسی میدان میں بھی مسلمانوں کو تحفظات فراہم کرنے کی اپیل کی ۔ جناب شکیل نے کہا کہ چیف منسٹر سے ہائی کورٹ میں اڈیشنل پی پی او یو میں وائس چیرمین TPSC میں ایک مسلم رکن نامزد کرنے کی اپیل کی ۔