حلقہ اسمبلی الا گڈہ میں ضمنی انتخابات

کرنول۔/8اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے حلقہ اسمبلی الا گڈہ میں ضمنی انتخابات کا اعلان کردیا۔ جہاں سے انتخابی مہم کے دوران سڑک حادثہ میں ہلاک وائی ایس آر کانگریس پارٹی امیدوار شوبھا ناگی ریڈی کو قریبی حریف تلگودیشم امیدوار گنگولہ پرتاپ ریڈی کے خلاف 17982 ووٹوں کی اکثریت سے منتخب قرار دیا گیا تھا۔جس پر پرتاپ ریڈی ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے تھے۔عدالت نے ضمنی انتخاب منعقد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔شیڈول کے مطابق 10اکٹوبر کو انتخابی اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ پرچہ نامزدگیاں داخل کرنے کی آخری تاریخ 21اکٹوبر اور جانچ پڑتال 22اکٹوبر، مقابلہ سے دستبرداری کی آخری تاریخ24 اکٹوبر ہوگی۔ ضلع کلکٹر مسٹر وجئے موہن نے بتایا کہ انتخابی عمل مکمل ہونے تک ضلع بھر میں جنم بھومی پروگرام ملتوی رہے گا۔

کرنول میں نوجوان کا قتل
کرنول۔/8اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر کرنول میں کل رات ایک 32سالہ نوجوان میکانک سید نور احمد کی مشتبہ حالت میں موت واقع ہوگئی جبکہ متوفی کے والدین کا الزام ہے کہ ان کا بیٹا دوستوں کے حملہ میں فوت ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سید نور احمد اپنے دوستوں دلشاد اور جلیل کے ساتھ شراب نوشی کے بعد کنگ مارکٹ واسوی مہیلا ڈگری کالج کے قریب پہنچے اور مذاق مذاق میں نور احمد کو نیچے ڈھکیل دیا گیا، سرپر شدید چوٹ لگنے سے وہ برسر موقع فوت ہوگیا۔دلشاد اور جلیل نعش کو وہیں چھوڑ کر بھاگ گئے۔ تاہم والدین کی اطلاع پر نور احمد کو سرکاری دواخانہ منتقل کردیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔متوفی کے والد سید احمد کی شکایت پر پولیس نے دلشاد اور جلیل سے پوچھ تاچھ کی لیکن انہوں نے لاعلمی کا اظہار کیا۔ بعد ازاں واسوی کالج کے سی سی کیمرہ کے فوٹیج بتانے پر دونوں نے اقبال جرم کرلیا کہ مذاق مذاق میں نور احمد پر حملہ کردیا تھا جو کہ جان لیوا ثابت ہوا۔ پولیس نے دونوں کے خلاف کیس درج کرلیا ہے۔