بیروت ۔ 4 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) شام کی افواج نے شمالی شہر حلب کے پڑوس میں واقع باغیوں کے علاقہ میں ایک مسجد پر بم حملہ کیا جس سے بچوں کے بشمول کم از کم پانچ مصلی ہلاک ہوئے۔ مقامی کارکن حسین ابو فیصل حلب میڈیا سنٹر نے بتایا کہ یہ مسجد مساکین حنونا میں واقع تھی، جہاں پر دینی مدرسہ بھی ہے۔ اس مسجد میں بچے اور دیگر مصلی موجود تھے۔ فوج نے مسجد پر ایک بیارل بم گرایا جس میں ایندھن اور دھاتی ریزے بھرے ہوئے تھے۔ مقامی رابطہ کار کمیٹی کے ایک اور رکن نے بتایا کہ شام کی فوج کے حملے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس بات کی فوری وضاحت نہیں ہوئی کہ مرنے والوں میں کتنے بچے شامل ہیں۔ صدر بشارالاسد کی فوج اپوزیشن کے علاقوں میں مسلسل حملے کر رہی ہے۔ وسط ڈسمبر سے یہ شہر دو حصوں میں منقسم ہوگیا ہے۔ فوج حلب کے باغیوں کے زیر قبضہ علاقہ کو دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ یہاں پر بمباری میں اب تک سینکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ شام میں جنگ کو روکنے کیلئے عالمی کوششوں کے باوجود سرکاری فورسس باغیوں کے ٹھکانوں پر اندھا دھند حملے کر رہے ہیں۔