بیروت 6 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جہدکاروں نے آج کہاکہ شامی آرمی کے ہیلی کاپٹروں نے باغیوں کے زیرقبضہ شمالی شہر حلب کے ایک علاقہ کے پرہجوم چوراہے پر دو بیارل بم گرائے جس کے نتیجہ میں کم از کم25 شہریوں کی ہلاکت ہوئی۔ 3 مختلف ذرائع نے اِس کارروائی کے نتیجہ میں اموات کی مختلف تعداد بتائی ہے۔ شامی لڑائی میں بالخصوص بڑے حملوں کے فوری بعد جانی نقصان کی مختلف اطلاعات عام بات ہے۔ لوکل کوآرڈی نیشن کمیٹیز نامی جہدکار گروپ نے کہاکہ کم ازکم 25 افراد مارے گئے ہیں۔ برطانیہ نشین سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہاکہ کم از کم 27 ہلاکتیں ہوئیں اور حلب کے ایک جہدکار نے یہ تعداد 47 بتائی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ دو مختلف مقامات پر جانی نقصان ہوا۔