حلب ۔ 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شام کے شہر حلب میں ہونے والے خودکش حملے میں سرکاری فوج اور صدر بشار الاسد کی حامی ملیشیا کے کم از کم 25 ارکان ہلاک ہوگئے ہیں۔پیر کو ہوئے اس حملے میں القاعدہ سے منسلک تنظیم النصرہ فرنٹ کے ایک خودکش بمبار نے حکومتی زیرِ اثر علاقے میں واقع ایک فوجی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔شام میں انسانی حقوق پر نظر رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے ڈائریکٹر رمی عبدالرحمان نے بتایا کہ حملہ آور ایک گاڑی میں سوار تھا اور اس نے الزہرہ کے علاقے میں ایک ایسے یتیم خانے کی عمارت کے سامنے دھماکہ کیا جسے حکومتی افواج اڈے کے طور پر استعمال کرتی ہیں۔اس گروپ کے مطابق ِخودکش حملے کے بعد باغیوں اور سرکاری افواج میں شدید جھڑپیں بھی ہوئی ہیں جن میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔