نارائن پیٹ۔/27مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہر شہری حق رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے باصلاحیت قائد کے انتخاب کا حق رکھتا ہے۔ موہن ریڈی آر ڈی او نارائن پیٹ نے ای ٹی وی اور ایناڈو اخبار کی جانب سے نوجوان رائے دہندوں میں شعور بیداری کے موضوع پر منعقدہ اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے اس بات کا اظہار کیا۔ نارائن پیٹ کے سوریہ لکشمی ڈگری کالج میں منعقدہ رائے دہندوں کیلئے شعور بیداری اجلاس میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرتے ہوئے موہن ریڈی آر ڈی او نے کہا کہ دیہی علاقوں میں رائے دہی کا فیصد زیادہ ہے جبکہ شہری علاقوں میں رائے دہی کے فیصد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ جمہوری ملک میں 70تا80فیصد رائے دہی کا نہ ہوپانا عجیب بات ہے۔ رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیلئے ہر رائے دہندہ کو رائے دہی میں حصہ لینا چاہیئے۔ ہر شحص اپنے گھر، عزیزوں، دوستوں، پڑوسیوں کو رائے دہی کی اہمیت سمجھائے۔ گزشتہ انتخابات میں حصہ لینے والوں کے نام ہی ووٹنگ مشین میں ہوا کرتے تھے لیکن اس مرتبہ اگر کوئی بھی امیدوار پسند نہ ہو تو ایسے میں ناپسند کا بٹن دبایا جاسکتا ہے۔ 30اپریل تک رائے دہندوں کو 5ووٹ ڈالنے کا موقع حاصل رہے گا ۔ پہلے بلدی انتخابات اس کے بعد زیڈ پی ٹی سی، ایم پی ٹی سی، اسمبلی اور پارلیمنٹ کے انتخابات کیلئے رائے دہی میں حصہ لینے کا موقع حاصل رہے گا۔ الیکشن کے فرائض نبھانے والے سرکاری ملازمین بھی پوسٹل بیالٹ کے ذریعہ حق رائے دہی سے استفادہ کریں۔ اجلاس کو سدرشن ریڈی پرنسپل سوریہ لکشمی ڈگری کالج نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہر ایک رائے دہندہ ذمہ دارانہ طور پر حق رائے دہی کا استعمال کریں۔ جئے پال ریڈی لکچرر نے کہا کہ ہمارے ملک میں جملہ 81کروڑ رائے دہندے موجود ہیں۔ ذات پات، مذہبی بھید بھاؤ، نسلی امتیاز کے بغیر ہر شخص کو رائے دہی کا مساوی موقع حاصل ہے۔ کالج کے فزیکل ڈائرکٹر ستیہ بھاسکر ریڈی اور نمائندہ ای ٹی وی نے بھی مخاطب کیا۔ اس اجلاس میں طلباء اور نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔