حقیقی ورلڈ کپ تو اب شروع ہوا ہے :ہریندر سنگھ

بھونیشور۔ 9 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندستان کے چیف ہاکی کوچ ہریندرسنگھ نے کہا کہ ان کے لئے پول میچ چار ممالک کا ٹورنامنٹ تھا اور حقیقی ورلڈ کپ تو اب شروع ہوا ہے ۔ ہندستان نے اپنے پول کے آخری میچ میں کینیڈا کو 5-1 سے شکست دے کر براہ راست کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔ ہریندرنے کہاکہ جو میرے کمرے میں گئے ہوں گے ، وہ جانتے ہیں کہ میں نے پہلے ہی اپنے کمرے میں لکھ دیا ہے کہ کون کوارٹر فائنل میں کھیلے گا اور کون سیمی فائنل میں۔ میرے لئے چار ممالک کا ٹورنامنٹ ختم ہوا ہے اور ورلڈ کپ اب شروع ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کوارٹر فائنل سے آپ تمغے کی دوڑ میں ہوتے ہیں۔ ہمارے لئے حقیقی ٹورنامنٹ اگلے میچ سے شروع ہو گا۔کوچ ہریندرسنگھ نے کہا کہ ہندستانی ٹیم کے کھلاڑی ابتدائی دو کوارٹر میں گول کرنے کی کوشش میں گیند کو لے کر دوڑ رہے تھے ۔ انھوں نے کہاکہ ہم گول کے لئے دوڑ رہے تھے ۔ ہمیں انتظار کرنا چاہئے تھا، گیند کی طرف دوڑ نہیں سکتے ۔ مجھے لگتا ہے کہ پہلے ہاف میں ہم نے زیادہ ہی دوڑ لگائی۔ انہوں نے کہاکہ ہم زیادہ ہی تیزی میں تھے ۔ ہمیں اس سے بچنا ہو گا ۔ اگرچہ وہ اس بات سے مایوس تھے کہ ہندوستانی ٹیم کینیڈا کے خلاف ایک گول کھا بیٹھی۔