حقیقی مسرت مقصد حیات میں کامیابی کا ثمر ہے

برتری حاصل کرنے کی خواہش انسان کی جبلت میں شامل ہے اور سچ پوچھئے تو یہ فطرت کی سب سے طاقتور اور مؤثر تحریک ہے۔ اگر یہ قابو میں رہے اور تعمیری مقاصد کے لئے وقف کردی جائے، تو وہ محرک اور قوت ہے جس نے عظیم انسان پیدا کئے۔
عظیم فنکارت عظیم موسیقار، عظیم اساتذہ، عظیم دانشور، اسی قوت اور جبلت کی پیداوار ہیں۔ لیکن برتری حاصل کرنے کی جبلت کبھی کبھار ناخوشگوار انجام سے بھی دوچار کرتی ہے۔ کامپلیکس اچھا اور بُرا دونوں ہوسکتا ہے۔ بات صرف اتنی سی ہے کہ ہم اسے کس طرح بروئے کار لاتے ہیں؟ تعمیری مقاصد کے لئے اسے استعمال کریں تو یہ فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے اور منفی مقاصد کی راہ اختیار کریں تو تباہ کن ثابت ہوگا۔ اس لئے قصور کامپلیکس کا نہیں، ہمارا ہے، ہمارے سمجھنے کا ہے، احساس، برتری کا ہو یا کمتری کا دونوں کے سلسلے میں یہی اصول پیش نظر رکھا جائے۔ زندگی کا لطف صرف زندہ رہنے میں ہے۔ اپنے آپ میں رہئے۔ اپنے مقصد کے لئے سرگرم عمل رہئے۔ اس بات کی فکر کیجئے کہ دوسرے آپ کو کیا سمجھتے ہیں۔ آپ کے بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں۔ آپ کو برتر سمجھتے ہیں یا کمتر۔ توجہ صرف اس کام پر دیجئے، جسے آپ نے مقصد حیات بنایا ہے۔ آپ ہمیشہ خوش رہیں گے۔