حقیقت سے بعید دستاویز: بی جے پی

نئی دہلی ۔ 26 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے کانگریس کے انتخابی منشور کو حقیقت سے بعید قرار دیا اور اسے ملک کے عوام کی توہین بتاتے ہوئے کہا کہ حکمراں جماعت عوام سے من پسند وعدے اس وقت کر رہی ہے جبکہ اس کی میعاد ختم ہوچکی ہے۔ بی جے پی لیڈر روی شنکر پرساد نے کہا کہ اس سے پہلے کانگریس نے جو انتخابی وعدے کئے تھے ، گزشتہ دس سال کے دوران اسے پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخابی منشور نہیں بلکہ حقیقت سے بعید دستاویز ہے۔ انہوں نے کانگریس پر عوام کو سبز باغ دکھاتے ہوئے ان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کا الزام عائد کیا۔

فرحان اعظمی کا پریہ دت سے مقابلہ
ممبئی ۔ 26 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی مہاراشٹرا یونٹ صدر ابو عاصم اعظمی کے فرزند فرحان کا ممبئی نارتھ سنٹرل لوک سبھا نشست پر کانگریس رکن پارلیمنٹ پریہ دت سے مقابلہ ہوگا۔ اسی طرح ممبئی نارتھ ویسٹ نشست پر بالی ووڈ اداکار کمال خان کا مقابلہ کانگریس کے سینئر لیڈر گرداس کامت سے ہوگا۔ سماج وادی پارٹی نے آج مہاراشٹرا سے 22 امیدوروں کی فہرست جاری کی ہے۔ پارٹی ممبئی میں 6 کے منجملہ 5 نشستوں پر مقابلہ کرے گی۔ ممبئی نارتھ سنٹرل سے بی جے پی لیڈر آنجہانی پرمود مہاجن کی بیٹی پونم مہاجن بھی امیدوار ہیں۔