حقہ سنٹرس کے خلاف کارروائی، کاروبار میں ملوث افراد گرفتار

حیدرآباد 30 اپریل (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس نے حقہ سنٹرس کے خلاف پھر ایک مرتبہ کارروائی کرتے ہوئے علاقہ بنجارہ ہلز، سیف آباد اور آصف نگر میں تین حقہ سنٹرس پر دھاوے کرتے ہوئے اس کاروبار میں ملوث افراد کو گرفتار کرلیا۔ ویسٹ زون ٹاسک فورس انسپکٹر بی گٹو ملو نے مناپورم بلڈنگ بنجارہ ہلز روڈ نمبر 1 پر واقع ایک حقہ سنٹر پر دھاوا کیا۔ اسی طرح سیف آباد میں چلائے جارہے حقہ سنٹر پر دھاوا کرتے ہوئے وہاں سے دو افراد 27 سالہ عمران خان اور کلیم معین الدین کو گرفتار کرلیا اور وہاں سے 11 حقے برآمد کرلئے۔ اسی طرح آصف نگر علاقہ میں بھی اسنوکا کیف کے نام پر چلائے جارہے حقہ سنٹر پر دھاوا کرتے ہوئے وہاں سے این سائی کمار، آر نکھل اور محمد رضا کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے 31 حقہ برآمد کرلئے۔ گرفتار افراد کو متعلقہ پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا گیا۔