حقوق کی ادائیگی مسلمانوں کا اہم فریضہ

کورٹلہ ۔ 25 ۔ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جماعت اسلامی ہند شاخ کورٹلہ شعبہ خدمت خلق کا ایک اجتماع کنگس گارڈن کورٹلہ میں جناب محمد ظہیرالدین معاون امیر مقامی کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ جس میں جناب ایم این بیگ زاہد ریاستی سکریٹری شعبہ خدمت خلق اسلامی حلقہ تلنگانہ و اے پی نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی ۔ جبکہ جناب الیاس احمد خان صدر ویلفیر پارٹی آف انڈیا شاخ کورٹلہ مولانا البصار احمد ندوی امام و خطیب چھوٹی مسجد اعزازی مہمانان کی حیثیت سے شرکت کی ۔ مولانا ندوی کے درس قرآن سے اجتماع کی کارروائی کا آغاز ہوا ۔ انہوں نے اپنے درس میں کہا کہ نیکیوں اور بھلائیوں کا حصول حقوق اللہ اور حقوق العباد سے ہوتا ہے ان دونوں کو ادا کرنے والا شخص ہی پکا مسلمان کہلاتا ہے ۔ مولانا نے کہا کہ بغیر اللہ پر ایمان لانے کے کوئی بھی نیکی قابل قبول نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ توحید و رسالت آخرت پر ایمان لانا کتابوں پر ایمان لانا فرشتوں پر ایمان لانا ، انبیاء پر ایمان لانا ، آخرت پر ایمان لانا یہ سب ایمان کے کام ہیں ۔ ان تمام پر ایمان لانا اور ان کے تقاضوں کو پورا کرنا حقوق اللہ ہے ۔ مولانا نے کہا کہ زکوۃ ادا کرنا اسلام کاایک رکن ہے ۔ اور اگر کوئی صاحب استطاعت مومن اس کو ادا نہیں کرتا تو وہ کامل مومن نہیں ہے ۔ زکوۃ کا مستحقین پر خرچ کرنا حقوق العباد کا ایک اہم جز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں حقوق العباد کی اہمیت زیادہ ہے بھوکے کو کھانا کھلانا بیماری کی تیماداری کرنا ، غریبوں ، یتیموں کی کفالت کرنا صلہ رحمی یہ سب حقوق العباد ہیں اور مومن ان اعمال کو انجام نہیں دیتا تو وہ میدان حشر میں اس سے بازپرس ہوگی ۔ اجتماع کو سکریٹری حلقہ تلنگانہ جناب ایم این بیگ زاہد نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق دین اسلام کا اہم جز ہے ۔ اسلام نام ہی ہے حقوق العباد کو ادا کرنے کا انہوں نے حدیث کے حوالے سے کہا کہ جس میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تم زمین والوں پر رحم کرو آسمان والا تم پر رحم کرے گا ۔ اس موقع پر جناب محمد عبدالمقیم سکریٹری شعبہ خدمت خلق نے سالانہ رپورٹ پیش کی ۔ اس موقع پر جناب سید عثمان ، جناب عبدالقدیر ، جناب غوث الرحمن ، جناب محمد رفیع ، جناب شیخ چاند ، جناب عبدالرحیم ، جناب محمد ولی الدین اور دیگر موجود تھے ۔