حفیظ کے 178 رنز ، پاکستان 281/3

شارجہ ۔ 26 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام)پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان یہاں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹسٹ کے پہلے دن محمد حفیظ نے متواتر دوسرے ٹسٹ میں دوسری سنچری اسکور کرتے ہوئے پہلے دن ٹیم کے اسکور کو 281/3 تک پہنچانے میں کلیدی رول ادا کیا ہے ۔ محمد حفیظ جنھوں نے سیریز کے پہلے مقابلے میں بھی سنچری اسکور کی ہے ، آج وہ اننگز کا آغاز کرتے ہوئے کئی اہم رفاقتوں میں اپنا کردار ادا کرنے کے علاوہ دن کے اختتام پر 262 گیندوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 178 رنز اسکور کرلئے ہیں جس میں 23 چوکے اور 3 چھکے شامل ہیں۔ دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین مصباح الحق ہیں جنھوں نے 107 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 38 رنز اسکور کرلئے ہیں ۔ حفیظ اور مصباح کے درمیان چوتھی وکٹ کیلئے ناقابل تسخیر 121 رنز کی پارٹنرشپ بن چکی ہے ۔ پاکستان جس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، محمد حفیظ اور شان مسعود نے پہلی وکٹ کیلئے 44 رنز کے ذریعہ ٹیم کو ایک بہتر شروعات فراہم کی ۔ مسعود نے 57 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 12 رنز اسکور کئے ۔ نمبر 3 پر اظہر علی نے اپنی اننگز کا بہتر آغاز تو کیا تاہم وہ 102 گیندوں میں 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے صرف 39 رنز اسکور کرپائے ، تاہم حفیظ کے ہمراہ وہ دوسری وکٹ کیلئے 87 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ۔ پاکستان کیلئے حالیہ دنوں میں غیرمعمولی مظاہرے کرنے والے سینئر بیٹسمین یونس خان ناکام رہے جو 13 گیندوں میں 5 رنز بناکر تقریباً دو برس بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے سابق کپتان ڈینیل ویٹوری کا شکار بنے ۔