لاہور ، یکم اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے محمد حفیظ کیلئے بولنگ ایکشن ٹسٹ سے قبل برطانوی کوچ کارل کرو کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔ پی سی بی نے تصدیق کی ہے کہ کارل کرو نے وارسسٹرشائر کے خلاف وارم اپ میچ کے دوران حفیظ کے بولنگ ایکشن پر کام شروع کیا۔ کارل کرو اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے اسپنر سنیل نارائن کے ساتھ بھی بولنگ ایکشن کی درستی کیلئے کام کر چکے ہیں جنہیں ٹسٹ کے بعد آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) نے بھی کلیئر قرار دیا۔ پی سی بی پرامید ہے کہ حفیظ انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز سے قبل ٹسٹ کلیئر کر لیں گے۔ ایکشن کلیئر ہونے کے بعد حفیظ ممکنہ طور پر پاکستانی ٹیم میں شاہد آفریدی کی وجہ سے خالی ہونے والی آل راؤنڈر کی جگہ حاصل کرلیں گے۔ حفیظ کا بولنگ ایکشن گزشتہ سال جون میں گال میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے ٹسٹ میچ کے دوران امپائرز نے مشکوک رپورٹ کیا تھا۔ جس کے بعد ہندوستانی شہر چینائی میں 6 جولائی کو محمد حفیظ بولنگ ایکشن دیئے ٹسٹ جسے وہ کلیئر کرنے میں ناکام رہے اور آئی سی سی نے ان پر 12 ماہ یعنی ایک سال کی پابندی عائد کردی تھی۔ اس سے قبل نومبر 2014 میں ابو ظہبی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے دوران بھی بولنگ ایکشن مشکوک رپورٹ ہونے کے بعد حفیظ کو بولنگ سے روک دیا گیا تھا۔