کھلنا (بنگلہ دیش)، 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹسٹ میچ میں بولروں اور پھر اوپنر محمد حفیظ کی شاندار کارکردگی (137*) کی بدولت میچ پر گرفت مضبوط کر لی ہے۔ یہاں جاری میچ کے آج دوسرے دن بنگلہ دیش نے 236/4 سے اننگز کا احیاء کیا تو ایسا محسوس ہوتا تھا کہ میزبان ٹیم بڑا اسکور کھڑا کرنے میں کامیاب ہو جائے گی لیکن وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کے سبب وہ ایسا کرنے میں ناکام رہی۔ دن کے آغاز میں ہی شکیب الحسن (25 رنز) کی صورت میں بنگلہ دیش کو بڑا نقصان اٹھانا پڑا جب وہ 243 کے ٹیم اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر سومیا سرکار اور کپتان مشفق الرحیم نے چھٹی وکٹ کیلئے 62 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن اسی اسکور پر حفیظ (2/47) نے سومیا (33) کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ اسکور میں پانچ رنز کے اضافے پر مشفق کو یاسر شاہ (3/86) نے کپتان مصباح الحق کے ذریعے کیچ کرایا۔
اس کے بعد کوئی اور بنگلہ بیٹسمن زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکا اور پوری ٹیم 332 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض اور یاسر شاہ نے تین، تین جبکہ حفیظ اور ذوالفقار بابر نے دو، دو وکٹوں کا بٹوارا کیا۔ جواب میں پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلا ٹسٹ کھیلنے والے اوپنر سمیع اسلم نے حفیظ کے ساتھ ٹیم کو 50 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن 20 رنز بنانے کے بعد وہ تاج الاسلام (1/43) کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد اظہر علی کریز پر حفیظ کے ساتھ شامل ہوئے اور دونوں کھلاڑیوں نے بنگلہ دیشی بولنگ کا اعتماد سے سامنا کیا۔ اس دوران حفیظ نے شاندار بلے بازی کے ذریعے اپنی سنچری مکمل کر لی۔ انہوں نے 122 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔ دونوں نے دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی، جس کی بدولت میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط ہو چکی ہے۔ پاکستان نے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک 227/1 اسکور کرلئے ہیں، جس میں حفیظ 137 اور اظہر 65 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ دونوں کھلاڑی اب تک دوسری وکٹ کیلئے 177 رنز جوڑ چکے ہیں ۔ پاکستان کو بنگلہ دیش کا پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید 105 رنز درکار جبکہ اس کی نو وکٹیں باقی ہیں۔