سنگاریڈی /9 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حفظ قرآن مجید اللہ تبارک تعالی کی ایک بڑی نعمت اور بندوں کیلئے ایک اعلی شرف و اعزاز ہے ۔ اس لئے کہ روئے زمین پر قرآن مجید کے علاوہ کسی بھی مذہبی کتاب کا ایک بھی حافظ موجود نہیں ہے ۔ جبکہ ملک در ملک ، شہر در شہر ، اور قریہ قریہ سینکڑوں کی تعداد میں حافظ قرآن پائے جاتے ہیں ۔ اس لئے کہ اللہ تبارک تعالی نے قرآن مجید کی حفاظت کا ذمہ لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد حشمت علی حسامی ناظم اشاعت القرآن پٹن چیرو نے مسجد نعمانیہ سنگاریڈی میں منعقدہ النعمان اسلامک ایجوکیشن سواسئٹی کے زیر اہتمام مدرسہ عربیہ نعمانیہ گنج میدان سنگاریڈی کے سالانہ جلسہ تکمیل حفظ قرآن مجید و دستاربندی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حفظ قرآن مجید دنیا و آخرت کی سعادت مندی کا ذریعہ ہے ۔ اسی لئے دنیا میں ایسی کوئی مثال نہیں ہے کہ کسی بھی حافظ قرآن نے معاشی تنگی کے باعث سوال کیا ۔ اللہ تعالی عزت کے ساتھ عافیت اور صحت کی روزی ان تک پہنچاتے ہیں ۔ مفتی محمد اسلم سلطان قاسمی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ مدارس اسلامیہ دین کی حفاظت کے مضبوط قلعے ہیں ۔ جہاں سے ایمان کے محافظ اور اعمال کے داعی پیدا ہوتے ہیں ۔ اسلام میں ان کا مقام ایک پاور ہاوز کی طرح ہے ۔ جہاں سے گھر گھر روشنی ملتی ہے ۔ دینی مدارس کی وجہ سے قرآن کے روحانی اثرات سارے علاقے میں رونما ہوتے ہیں لہذا ان مدارس کو قائم رکھنا ان کی آبیاری کرنا ، جانی و مالی تعاون کرنا ، دینی ، ملی اور اخلاقی فریضہ ہے ۔ انہوں نے سرپرستوں سے درخواست کی کہ اپنے گھر و خاندان میں کم از کم ایک لڑکے کو حافظ قرآن اور عالم دین ضرور بنائیں ۔ جو اس خاندان کے ایمان ، اعمال ، اخلاق ، معاملات اور معاشرتی مسائل میں قرآن و حدیث کی ترجمانی کرتا رہے ۔ انہوں نے حفاظ اکرام کو اس بات پر بھی خصوصی توجہ دلائی کہ حافظ قرآن کے عمل کے اعتبار سے اپنی زندگی کو سیرت رسول اللہ ﷺ اور سنت نبی ﷺ سے آراستہ کرلیں اور علماء و اہل اللہ کی صحبتوں کو اپنے لئے لازم سمجھے ۔ زاہدا نہ زندگی گذاریں اور معاش و مال کی بھاگ دوڑ میں دنیا داروں کی نقالی سے اجتناب کریں ۔ مفتی محمد اسلم سلطان قاسمی نے کہاکہ سنگاریڈی کا مدرس عربیہ نعمانیہ الحمداللہ تقریباً 15 سالوں سے دینی ، مذہبی و ملی خدمات ، بحسن خوبی دے رہا ہے ۔ 60 سے زائد طلباء حفظ قرآن مجید مکمل کرنے کی سعادت حاصل کرچکے ہیں۔ مولانا محمد اعجاز قاسمی استاد مدرسہ کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ طلباء مدرسہ فتح محمد اور محمد امان نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ قبل ازیں مولانا محمد حشمت علی حسامی نے مدرسہ نعمانیہ کے تکمیل حفظ قرآن مجید کرنے والے خوش نصیب حفاظ اکرام کی سورہ مرسلاۃ کی آخری آیات پڑھاکر ان کی دستاربندی و دعاء کی ۔