نظام آباد:15؍ اپریل(محمدجاوید علی)ناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند شہر نظام آباد کی اطلاع کے بموجب مسلم خواتین و طالبات میں حفظان صحت سے متعلق شعور بیداری کے سلسلے میں ایک خصوصی لیکچر بعنوان:’’حفظان صحت‘‘ کا انعقاد انشاء بتاریخ 17؍اپریل 2015ء بروز جمعہ بوقت 3؍بجے دن بمقام خواتین ہال شعبہ خواتین جماعت اسلامی، نزد مسجد عرفات احمدپورہ کالونی نظام آباد پر عمل میں لایاجارہاہے۔ اس لیکچر کو ضلع نظام آباد کی مشہور و معروف اور تجربہ کار،ماہر امراض نسواں ڈاکٹر کویتا ریڈی(سری سائی ہاسپٹل نظام آباد) مخاطب فرمائیں گی۔ ناظمہ شعبہ خواتین نے شہر نظام آباد کی تمام خواتین و طالبات کو اس لیکچر سے بھرپور استفادہ کرنے کی خواہش کی ہے ۔ واضح رہے کہ موجودہ دور میں ناقص غذا اور تنائو بھرے ماحول کی وجہ سے بالخصوص خواتین کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں یہی وجہ ہے کہ خواتین کے امراض کے سبب معاشرہ میں نت نئی بیماریاں جنم لے رہی ہیں چنانچہ ان امراض سے متعلق شعور بیداری اور آگاہی کے ذریعہ سے ہی خواتین کی صحت کو بہتر بنایاجاسکتاہے۔ جماعت اسلامی ہند شعبہ خواتین کی جانب سے منعقدہ اس لیکچر میں صحت سے متعلق مختلف پہلوئوں کو اجاگر کیاجائے گا۔