حضرت علی ؓ شجاعت و سخاوت کا پیکر

مولانا شیخ عبدالکریم شاہ آمری قادری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مارچ : ( راست ) : خانقاہ آمریہ قلعہ گولکنڈہ میں ذکر اللہ کی محفل کے بعد مقام علیؓ و فیضان غریب نواز ؒ کا آغاز ہوا ۔ مقام علی ؓ و فیضان غریب نوازؒ سے مولانا شیخ عبدالکریم شاہ آمری قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت کی ذات و صفات ہر عیب سے پاک ہے ۔ اور اس کی شان اپنے بندوں پر غفور الرحیم کی شان رکھتی ہے ۔ مولانا عبدالکریم شاہ آمری نے فیضان حضور غریب نوازؒ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت خواجہ غریب نوازؒ نے اپنی پوری زندگی حکم خداوندی اور اتباع رسولؐ میں گذاری ۔ آپ عاجزی و انکساری سے دین حق کی تبلیغ کی اور گمراہوں کو راہ ہدایت پر چلایا ۔ آپ کی سیرت مبارکہ کا مطالعہ ہماری زندگیوں میں تبدیلیاں لاکر یاد الہیٰ میں مشغول اور عشق مصطفی ؐ میں ڈوب کر قلب کو روشن کرے گا ۔ مولانا عبدالرحیم شاہ آمری نے کہا کہ حضرت علی کی ذات میں جود و سخا ، قناعت شجاعت ، فضل و عطا بخشش و کرم نوازی اتم موجود تھی ۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کی ذات میں سخاوت ، توکل ، زہد ، صبر ، ایثار ، قربانی ، حلم و بردباری اور تقویٰ و پرہیزگاری جیسی گوہر گراں مایہ بے شمار خوبیوں کو یکجا کردیا تھا ۔ مولانا شیخ محبوب شاہ آمری نے کہا کہ حضرت علی ؒ جود و سخا کے ساتھ توکل کا عنصر بھی آپ کی ذات میں بوجہ اکمل موجود تھا ۔ آپ ؓ کو باب العلم کہا جاتا ہے ۔ آج مسلمان مرد اور عورت کو دین اسلام کا علم بہت ضروری ہے ۔ جلسہ کی کارروائی حافظ شیخ معین الدین نے چلائی ۔۔