حضرت شیخ اکبر ؓ کی تعلیمات قرآن و حدیث کانچوڑ

مولاناسیدقبول باشاہ ، مولاناخواجہ شریف اور مولاناغوثوی شاہ کے خطابات
حیدرآباد ۔ 20 ۔ فروری : ( راست ) : دنیا ئے اِسلام کے مشہور بزرگ حضرت سیدنا شیخ اکبرؒ ابن عربی کی یادمیں ’’ابن ِ عربی کانفرنس‘‘ زیرنگرانی مولاناغوثوی شاہ 19 فبروری بروز جمعرات کو مسجد کریم اللہ شاہ ؒ منعقد ہوئی ۔ مولانا حکیم احمد علی شاہ نے قرأ ت پڑھی کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے مولاناسید قبول باشاہ حسینی شطاری نے کہا کہ حدیث نبوی ؐ کی روشنی میں بزرگانِ دین حضور نبی کریم ؐ کے وارث ہیں اُن کی تعظیم اللہ اور اُس کے رسولؐ کی تعظیم ہے اللہ کا عرفان حاصل کرنے کے لئے کسی پیر کامل کا دامن پکڑنا ہے ایک مسلمان کے لئے حضورؐ کی محبت اہل بیت ؓ کی محبت اور اولیاء کی محبت لازم ہے ۔ مولانا خواجہ شریف نے کہاکہ حضرت شیخ اکبر ابن عربی ؓ دنیائے اِسلام کے نامور بزرگ ہیں اور وہ مُرَ بّی الْعارفین ہیں ، عارفین کی پرورش کرنے والے ہیں آپ نے دینؔ کے اسرار و رموز کو بندگانِ خدا تک پہونچایا ہے ، اس زمانہ میں حضرت شیخ اکبرابن عربیؒ کی تعلیمات کو عام کرنے کا کام اعلیٰ حضرت غوثی شاہ صاحبؒ کے گھرانے کو حاصل ہے جو اپنے وقت کے شیخ اکبرؒ ثانی تھے حضرت شیخ شہاب الدین سہروردی ؒ نے انکی نسبت فرمایاکہ ھُو بَحَراُلحَقایق وہ ابن عربی حقائق کاسمندر ہیں حضرت شیخ اکبرابن عربیؒ کے چاہنے والوں اور آپکی ستائش کرنے والوں میں حضرت جلال الدین سیوطی ؒ ، حضرت اِمام یافعی ؒ، حضرت اِمام فخرالدین رازیؒ اور حضرت مجددالف ثانیؒ قابلِ ذکر ہیں ، مولاناغوثوی شاہ نے حضرت شیخ اکبرابن عربی ؓ کی توصیف بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضرت ابن عربی ؓ وہ بزرگ ہیں ’’جنھیں حضورؐ نے میری چادر کا سا یَہ فرمایا اور حضرت اِمام نوویؒ نے کہا کہ حضرت شیخ اکبر ؓ ابن عربی آیت مِنْ آیاتِ اللہ تھے یعنی خدا کی آیتوں میں سے ایک آیت تھے آپ کی تعلیمات قرآن و حدیث کانچوڑ ہے آپ کا نظریہ وحدۃ الوجود ھُوالاول والا خروالظاھروالباطن کی ترجمانی ہے ، آپ کی کئی تصانیف ہیں لیکن عالم اِسلام میں فتوحاتِ مکّہ اور فصوصُ الحکم کو شہرت حاصل ہے آپ کے ہاتھ پر کئی عیسائیوں نے اسلام قبول کیا اور آج بھی آپ کی کتابوں پر امریکہ اور انگلینڈ میں ریسرچ ہو رہا ہے آخر میں مولانا نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہماری طرف سے حضرت شیخ اکبر ؒ کو بہترین جزاء عطا فرمائے اور اُنکے فیوض وبرکات سے ہمکو مالا مال کرے ، جناب شاہد پیراں ، خالد پاشاہ ، فاتح شاہ اور اکرام شاہ نے اہل ِ جلسہ کا شکریہ اداکیا۔