حضرت زاہرؓ بن حرام رسول اللہؐ کے چہیتے صحابی

اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل (انڈیا) آئی ہرک کا اجلاس۔ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی کا خطاب

حیدرآباد ۔29؍مارچ( پریس نوٹ) رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو خالق کونین نے سارے عالموں کے لئے رحمت اور پوری انسانیت کے لئے رسول بنا کر مبعوث فرمایا ہے آپ کی ذات اطہر سراسر رحمت ہے اور وجہ رحمت بھی ہے انسانی ہدایت کا انتظام عین رحمت ہے جس کا ذریعہ حضورؐ کا وجود اقدس ہے۔ رسول اللہؐ نے نہ صرف ساری انسانیت کو دعوت حق دی اور پیغام الٰہی پہنچایا بلکہ خود اپنی ہدایایت و تعلیمات کا عملی نمونہ اپنی حیات طیبہ، سیرت مبارکہ اور اسوئہ حسنہ کے ذریعہ دنیاے انسانیت کودکھاکر عقیدہ و اطاعت کے تمام نظری اور عملی مسائل کو دائماً حل فرما دیا۔ خالق کونین کا ارشادپاک ہے کہ بے شک تمہارے لئے رسول اللہؐ کا اسوئہ حسنہ بہترین نمونہ ہے۔قیامت تک انسانوں میں وہ سارے انسان خوش نصیب ہیں جنھوں نے آپ کی دعوت حق کو قبول کیا اور انوار ایمان سے مالا مال اور اسلام کی حقانیت سے بہرہ مند ہوے اور جنھیں مومنین کی حیثیت سے اللہ تعالیٰ نے عزت سے سرفراز فرمایا اور اُخروی نعمتوں کی نوید عطا فرمائی۔ ان تمام اہل ایمان میں اللہ پاک نے جنھیں اپنے حبیبؐ کی صحبت اور خدمت خاص کے لئے چن لیا ان کی تقدیر پر کائنات کا ایک ایک ذرہ رشک کرتا ہے یعنی اہل بیت اطہار و صحابہ کرام یقینا وہ علو منزلت اور پاکباز ہستیاں ہیں جنھیں رسول اللہؐ کے دیدار کا شرف ، آپ کے دربار میں حاضری کی سعادت، حضورؐ کے ارشادات کے سننے، آپ کے مقدس و منور شب و روز کے مبارک و مسعود معمولات شریف کے دیکھنے، آپ کے ہمراہ اللہ کی راہ میں جہاد کرنے، آپ کی رحمتوں کے ساے میں زندگی گزارنے، آپ کے ہر حکم کی تعمیل کرنے اور ان میں چنندہ بزرگوں کو آپ کے سامنے جام شہادت نوش کرنے، آپ پر اپنا سب کچھ نچھاور کرنے اور آپ کی عطا و سخا سے بہرہ مند ہونے کی برکتیں حاصل ہوئیں۔ نور نبوت سے قرب کے سبب جملہ صحابہ کے وجود نورانی، ان کے باطن صدق و صفا سے آراستہ، نفوس مزکٰی اور قلوب دولت حق سے مالا مال اور ان کے اعمال پاکیزہ ، ان کے اخلاق و کردار رفیع الشان تھے، صداقت ، عدالت ، سخاوت، شجاعت ان کی پہچان، عشق الٰہی اور محبت رسولؐ ان کا سرمایہ، اطاعت حق تعالیٰ اور اتباع رسولؐ ان سبھی کا مقصود حیات تھا۔ اسی طرح وہ رضاے حق تعالیٰ سے سرفراز اور خوشنودیٔ و عنایات حبیب کبریاؐ سے بہ ہر لمحہ مالا مال تھے۔ان میں ہر ایک کو ان تمام رحمتوں ، برکتوں اور سرفرازیوں کا پورا پورا احساس و ادراک تھا جس پر وہ بہ ہر لحظہ بارگاہ الٰہی میں شکر گزار اور رسول اللہؐ کے احسان مند تھے۔ ان عظیم المرتبت ہستیوں میں حضرت زاہر ؓ بن حرام بھی شامل ہیں جن پر رسول اللہؐ کی عنایات اور کرم خاص تھا۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے آج صبح ۹ بجے ’’ایوان تاج العرفاء حمیدآباد‘‘ واقع شرفی چمن، سبزی منڈی اور بعد ظہر جامع مسجد محبوب شاہی، مالاکنٹہ روڈ،روبرو معظم جاہی مارکٹ میں اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا (آئی ہرک) کے زیر اہتمام منعقدہ ’۱۱۴۰‘ ویں تاریخ اسلام اجلاس کے علی الترتیب پہلے سیشن میں احوال انبیاء علیھم السلام کے تحت حضرت دائود علیہ السلام کے مقدس حالات اوردوسرے سیشن میں ایک مہاجر ایک انصاری سلسلہ کے ضمن میں حضرت زاہر بن حرام ؓ کے احوال شریفہ پر مبنی توسیعی لکچر دئیے۔ قرا ء ت کلام پاک، حمد باری تعالیٰ،نعت شہنشاہ کونین ؐ سے دونوں سیشنس کا آغاز ہوا۔اہل علم حضرات اور باذوق سامعین کی کثیر تعداد موجود تھی۔جناب سید محمد علی موسیٰ رضا قادری حمیدی نے خیر مقدمی خطاب کیا۔