حضرت خواجہ حسن نظامی ثانی ؒ ہندوستان کی عظیم شخصیت

گلبرگہ میں تعزیتی جلسہ سے ڈاکٹر سید شاہ خسرو حسینی و دیگر کا خطاب

گلبرگہ:/11اپریل( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حضرت علامہ پیر طریقت خواجہ حسن نظامی ثانی ؒ مرحوم سابق سجادہ نشین درگاہ حضرت خواجہ نظام الدین اولیا ؒ ، دہلی کی یاد میں ایک تعزیتی جلسہ زیر سرپرستی ڈاکٹر حضرت سید شاہ گیسو دراز خسرو حسینی سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ ، 10اپریل کو بعد نماز جمعہ مسجد محبس گلبرگہ میں منعقد ہوا۔مولانامفتی سید عبدالرئوف، ڈاکٹر عبدالحمید اکبر صدر شعبہ اردو گلبرگہ یونیورسٹی اور مولانا سید عبدالرشید صدر مدرس دارالعلوم دینیہ ،بارگاہ بندہ نواز ،ممتاز ماہر تعلیم و سماجی خدمت گزارجناب سید عبدالمقیم سید بارے نے اپنی تقاریر میں حضرت خواجہ حسن نظامی ثانی صاحب کے اعلی ٰ اخلاق وکردار کے علاوہ ان میں موجود ایک مثالی صوفی کی کیفیات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ سرپرست و نگران کار جلسہ تقدس مآب حضرت ڈاکٹر سید شاہ گیسو دراز خسرو حسینی صاحب قبلہ نے اپنی تقریرمیں فرمایا کہ دنیا کی عظیم شخصیتیںجو جسمانی طورپر ہم سے جدا ہو گئی ہیںمگر ان کی یاد یں اور ان کی خدمات ان کو ہمیشہ زندہ رکھتی ہیں ۔حضرت خواجہ حسن نظامی ثانی ؒ ہندوستان کی ایک عظیم شخصیت تھے اور ان کی خدمات قوم وملت کیلئے رہنمایانہ خطوط کی حامل ہیں ۔ آپ نہایت خوش مزاج ،بااخلاق ،ملنسار، صوفیانہ رنگ والے، خوش طبع، ا ورعلی کردار کی حامل تھے۔ مسلمانوں کے ملی مسائل کی یکسوئی کیلئے ہمیشہ کوشاں رہتے ۔ تصوف اور چشتیہ سلسلہ کی تعلیمات کو عام کرنے کی غرض سے ماہ نامہ ’’منادی‘‘ بھی جاری فرمایا جس کے آپ خود ایڈیٹر بھی تھے ۔سلسلہ چشتیہ کی ترویج اور اس کی تعلیمات کو عام کرنے کی غرض سے آپ نے ایک ہزار سے زائد تصوف کے عنوانات پر مقالے پیش فرمائے۔ حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ سے بڑی عقیدت و محبت کا اظہار فرماتے ۔ڈاکٹر سید شاہ گیسو دراز خسرو حسینی نے دعاکی کہ اللہ تعالی حضرت مولانا خواجہ حسن ثانی نظامی ؒ کے وصال سے پیدا ہونے والے خلا کا بدل عطا فرمائے اور حضرت کو اپنی رحمت اور جنت الفردوس کے اعلی مقامات میں جگہ عطافرمائے۔ انھیںغریق رحمت کرے اوران کے خانوادہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آپ کے جانشین کو خواجگان چشت کی راہ پر ثابت قدم رکھے ۔اس موقع پر حضرت ڈاکٹر سید شاہ خسرو حسینی نے درگاہ حضرت خواجہ نظام الدین اولیا ء ؒ کے نئے سجادہ نشین حضرت خواجہ سید محمد نظامی کی دستار بندی کی ۔ جلسہ کی صدارت جناب الیاس احمد باغبان صدر جمعیت باغبان و جمعیت نظامی گلبرگہ شریف نے کی۔ مولانا سید شاہ ید اللہ حسینی جانشین سجادہ نشین روضہ خرد،حضرت سید شاہ حیدر پاشاہ قادری سجادہ نشین نیلنگہ شریف ، مولانا سید شاہ حسام الدین ہاشم پیر سجادہ نشین بارگاہ حضرت تیغ برہنہ ؒ،حضرت سید شاہ ہدایت اللہ قادری سجادہ نشین مولانا سید شاہ محمد حیات اللہ بادشاہ قادریؒ نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔