حیدرآباد ۔ /2 مئی (سیاست نیوز) ایس آر نگر پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے ایک واقعہ میں جائیداد حاصل کرنے کی غرض سے ایک بیٹے نے اپنی ماں کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا ۔ پولیس کے بموجب 55 سالہ بھاگیہ ماں کے شوہر رام انجنیلو چار ماہ قبل فوت ہوگیا تھا اور وہ ریلوے ملازم تھا ۔ شوہر کی موت کے بعد محکمہ ریلویز سے بھاری رقم حاصل ہوئی اور اس رقم کو اس نے اپنے تین بیٹوں میں تقسیم کردیا ۔ لیکن 3 ایکڑ اراضی اور پلاٹس ہنوز تقسیم کیلئے باقی تھے ۔ اس ضمن میں بھاگیہ ماں کا چھوٹا بیٹا 32 سالہ وجئے کمار جائیداد اس کے نام پر منتقل کرنے کیلئے دباؤ ڈال رہا تھا جس سے عاجز آکر ماں نے گنتکل کرنول سے شہر حیدرآباد منتقل ہوکر ایس آر نگر کے علاقے داسارام جھونپڑیوں میں رہنے لگی ۔ ماں کا پتہ لگانے کے بعد وجئے کمار آج بھاگیہ ماں کے پاس پہونچ گیا اور دوبارہ اس نے جائیداد کیلئے جھگڑا شروع کردیا ۔ بعد ازاں اس نے ماں کے سر پر مسل سے وار کرکے اسے برسرموقعہ ہلاک کردیا ۔ پولیس ایس آر نگر نے اس سلسلے میں قتل کا مقدمہ درج کرکے نعش کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کردیا ۔